عامر نے کیے کی سزا بھگت لی ، سلمان بٹ ، آصف کو گریبان میں جھانکنا چاہیئے: شاہد آفریدی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 6 جنوری 2016 14:59

عامر نے کیے کی سزا بھگت لی ، سلمان بٹ ، آصف کو گریبان میں جھانکنا چاہیئے: ..

لاہور(اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار6جنوری- 2016ء) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ عامر نے اپنے کیے کی سزا بھگت لی ، سلمان بٹ اور آصف کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے ۔ تفصیلات کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ کے لیے قذافی سٹیڈیم میں جاری قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے گفتگو میں شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی کہ چکے ہیں کہ محمد عامر بہترین صلاحیتوں کا حامل کھلاڑی ہے ، انسان سے غلطی ہوسکتی ہے، انہوں نے اپنے کیے کی سزا بھگت لی ہے اور اب خاموشی سے اپنی کرکٹ کھیل رہے ہیں لہذا انہیں قومی ٹیم میں واپسی کا چانس ملنا چاہیئے ، عامر نے انگلینڈ میں ہی ان کے پوچھنے پر سچ بول دیا تھا اور عدالت میں بھی اپنے جرم کا اقرار کیا تھا ، وہ سلمان بٹ اور محمد آصف کی مانند نہیں تھے جو 2، 3سال جھوٹ بولتے رہے اور پھر ٹی وی پر آکر ٹیم کو برا بھلا بھی کہا ، ان دونوں کو ٹیم پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیئے ۔

(جاری ہے)

ورلڈ ٹی ٹونٹی کے تیاریوں کے حوالے سے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ ان کے پاس صرف نیوزی لینڈ کے 3ٹی ٹونٹی ہیں اور وہ ٹیم میں زیادہ تبدیلیاں کرنے کی بجائے اسی سکواڈ کو لے کر چلنا چاہتے ہیں، موجود ٹیم بہترین ہے اور ٹائٹل جیتنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہے ، وہ ایک اچھی ٹیم چھوڑ کر جانا چاہتے ہیں ۔ آسٹریلیا کے بنگلہ دیش میں انڈر 19ورلڈ کپ سے دستبرداری کے حوالے سے ٹی ٹونٹی کپتان کا کہنا تھا کہ انہیں معلوم نہیں ہے کہ انہوں نے بنگلہ دیش جانے سے کیوں انکار کیا ، کچھ بھی ہو لیکن کرکٹ جاری رہنی چاہیئے ۔ فاسٹ باؤلر محمد عرفان کے حوالے سے آفریدی کاکہنا تھا کہ انہیں بالکل ڈراپ نہیں کیا گیا ہے ۔