حکومت عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کی بجائے سارا زور میٹرو بسوں ، اورنج لائن ٹرین کے منصوبوں پر لگا رہی ہے‘ محمود الرشید

بدھ 6 جنوری 2016 16:02

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی ہونی چاہیے لیکن بد قسمتی سے اس کا سارا زور میٹرو بسوں اور اورنج لائن ٹرین کے منصوبوں پر ہے ،حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں دل کے ہسپتال بنانے کے ساتھ تمام سرکاری ہسپتالوں میں موجود کارڈیک کے شعبے اور وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال کو فنکشنل کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر اراکین پنجاب اسمبلی ڈاکٹر مراد راس ، شنیلا روت اور دیگر بھی انکے ہمراہ تھے ۔ ایم ایس پی آئی سی ڈاکٹر سہیل ثقلین نے اپوزیشن رہنماؤں کو ہسپتال کا دورہ کرایا اور مختلف معامالات پر بریفنگ بھی دی ۔

(جاری ہے)

محمود الرشید نے کہا کہ پی آئی سی کی ایمر جنسی 100سے 150مریضوں کی استعداد رکھتی ہے لیکن یہاں پر روزانہ 600سے 700مریض آ رہے ہیں ۔

ایک بیڈ پر چار ،چار مریض لیٹے ہوئے ہیں جبکہ مریضوں کو سٹریچرز پر بٹھا کر علاج کیا جارہا ہے ۔ حالیہ سالوں میں دل کے امراض میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جسکی وجہ سے نہ صرف پنجاب بلکہ دوسرے صوبوں سے لوگ بھی پی آئی سی آتے ہیں ۔ حکومت سے مطالبہ ہے کہ ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹر میں دل کے امراض کے ہسپتال بنائے جائیں ۔ اسکے علاوہ لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں کارڈیک کے شعبے کے لئے انفراسٹر اکچر موجود ہے تھوڑے فنڈز دے کر انہیں فنکشنل کیاجائے ۔

وزیر آباد کاڈیالوجی کی عمارت گزشتہ کئی سالوں سے تیار پڑی ہے حکومت گوجرانوالہ ڈویژن کے مریضوں کا بوجھ کم کرنے کے لئے اس ہسپتال کو بھی فنکشنل کرے ۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی سی میں مریضوں کو سالوں کی تاریخیں دی جارہی ہیں اگر اس دوران کوئی مریض جان کی بازی ہار جائے تو کیا اس کی ذمہ داری حکمرانوں پر عائد نہیں ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تمام سرکاری ہسپتالوں کے دورے کر کے وہاں سہولیات کے فقدان کو سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس تناظر میں تمام سرکاری ہسپتالوں کے دورے کئے جائیں گے۔