لاہورایئرپورٹ کا بڑا رن وے بند ہونے کی وجہ سے سعودی ایئر لائنز کا چھوٹے رن وے پرلینڈنگ سے انکار

بدھ 6 جنوری 2016 16:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء) لاہورایئرپورٹ کا بڑا رن وے بند ہونے کی وجہ سے سعودی ایئر لائنز نے چھوٹے رن وے پرلینڈنگ سے انکارکردیا، سعودی ایئرلائنزکی سعودی عرب آنے اور جانے والی دو پروازیں دس گھنٹے سے زائد تاخیرکا شکارہو گئیں، سینکڑوں عمرہ زائرین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق سعودی ایئر لائنز انتظامیہ نے لاہور ایئرپورٹ انتظامیہ کے احکامات ماننے سے انکار کردیا اور بڑا رن وے بند ہونے کی وجہ سے چھوٹے رن وے پرلینڈنگ سے انکارکردیا۔

ان کاکہنا تھا کہ چھوٹے رن وے کا استعمال بالکل قبول نہیں۔ سینکڑوں مسافروں، کارگو اور ہزاروں لیٹر فیول سے بھرے ٹرپل سیون طیارے کو نو ہزار فٹ لمبے چھوٹے رن وے پر لینڈ اور ٹیک آف کروانا خطرناک ہوسکتا ہے۔سعودی ائیر لائنز انتظامیہ کا مزید کہنا تھا کہ بارہ گھنٹے بعد لاہور ایئرپورٹ کا بڑا رن وے کھل جائے گا تو طیارے لاہور بھیجے جائیں گے۔ سعودی ایئرلائنز کے اس فیصلے کے نتیجے میں لاہور سے سفر کرنے والے سینکڑوں عمرہ زائرین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا۔