لاہور میں امریکہ کے قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر کی بلال یاسین کے ہمراہ داتا دربار ؒ پر حاضری

برصغیر میں دین اسلام کی تعلیمات کو آگے بڑھانے میں اولیا ء کرام نے اہم کردار ادا کیا ہے ‘صوبائی وزیرخوراک

بدھ 6 جنوری 2016 19:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء ) لاہور میں امریکن قونصل جنرل کا چارج سنبھالنے والے نئے قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین کے ہمراہ دربار حضرت داتا گنج بخش ؒ پر حاضری دی اور چادر پوشی کی -اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ومذہبی امور نیئر اقبال ،ڈی جی اوقاف و مذہبی امور سید طاہر رضا بخاری بھی موجود تھے-چادر پوشی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے امریکن قونصل جنرل زیچرے ہارکین رائیڈر نے کہاکہ اولیاء کرام کے مزارات امن و ہدایت اور رواداری کے مراکز ہیں -جہاں پر عوام کی رہنمائی اور بھلائی کے سلسلے آج بھی پوری طرح رواں دواں ہیں-برصغیر میں اولیاء کرام کی تعلیمات نے امن وبھائی چارے کا درس دے کر نہ صرف مختلف مذاہب کے لوگوں میں امن و بھائی چارے کی فضا کو اب تک بندھائے رکھاہے بلکہ ہم آہنگی اور رواداری اور برداشت کی روایات کو زندہ رکھاہواہے -انہوں نے کہاکہ داتا گنج بخشؒ کی تعلیمات دنیا بھر کے لوگوں کیلئے ہدایت کا سرچشمہ ہیں -امریکن قونصل جنرل نے کہاکہ پاکستانی معاشرے میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کی شاندار روایات موجود ہیں جن سے عوام کو رہنمائی ملتی ہے اوریہ روایات معاشرے کے ثقافتی حسن کو مزید نکھار رہی ہیں -اس موقع پر صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے صحافیوں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ برصغیر میں دین اسلام کی تعلیمات کو آگے بڑھانے میں اولیا ء کرام نے اہم کردار ادا کیا ہے - انہوں نے کہا کہ انسانی بھلائی ،سماجی ،مساوات اور تمام مخلوق نے بلا امتیاز پیار محبت اور بھائی چارے کا درس دیاہے اور لوگوں کو رواداری کی لڑی میں پروکر سماجی ہم آہنگی او رپرامن معاشرہ کی بنیاد رکھا یہی وجہ ہے کہ اولیا ء کرام کی تعلیمات کی روشنی میں رواداری ،امن او رہم آہنگی کو قائم رکھتے ہوئے اس عظیم ملک کی حفاظت کے لئے آج پوری قوم ایک صفحہ پر ہے او ردہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہے-