شیخ زید ہسپتال کے چیئرمین فرید احمد فرید کی تعیناتی کے خلاف درخواست پر پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری

بدھ 6 جنوری 2016 20:27

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 جنوری۔2016ء ) لاہور ہائیکورٹ نے شیخ زید ہسپتال کے چیئرمین فرید احمد فرید کی تعیناتی کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس اعجاز الاحسن نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل شفقت محمود چوہان نے موقف اختیار کیا کہ شیخ زید ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز کی عدم موجودگی کے باوجود وزیر اعلی پنجاب نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے فرید احمد فرید کو شیخ زید ہسپتال کے چیئرمین کے عہدے پر تعینات کر دیا ہے ۔

سپریم کورٹ واضح طور پر شیخ زید ہسپتال کی خود مختاری برقرار رکھنے کا فیصلہ صادر کر رکھا ہے مگر وزیر اعلی پنجاب نے اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے شیخ زائد ہسپتال کے چیئرمین کو تعینات کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین شیخ زید کو عہدے سے ہٹانے کا معاملہ عدالت میں زیر سماعت ہے اس کے باوجود چیئرمین اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ملازمین کو حراساں کر رہے ہیں لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں کام سے روکنے کا حکم دیا جائے۔

دوران سماعت شیخ زید ہسپتال کے چیئرمین فرید احمد فریدکے وکیل حافظ طارق نسیم نے جواب داخل کراتے ہوئے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے بعد شیخ زید ہسپتال وفاقی حکومت سے صوبائی حکومت کو منتقل ہو جانے کے بعدوزیر اعلی پنجاب کو انکی تعیناتی کے اختیارات حاصل ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے حکومت پنجاب اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

متعلقہ عنوان :