نیب کے ایگزیکٹیو بورڈ نے اربوں کی سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ ،منی لا نڈرنگ کے الزامات پر ڈاکٹر عاصم اور دیگر کے خلاف تحقیقات کی منظوری دیدی

نیب عدم برداشت کی کی پالیسی پر عمل پیرا، قانون پر عملدرآمد ، آگہی اور تدارک کے ذریعے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے، چوہدری قمرزمان کا اجلاس سے خطاب

بدھ 6 جنوری 2016 22:47

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔06 جنوری۔2016ء) قومی احتساب بیورو (نیب) کے ایگزیکٹو بورڈ نے دھوکہ دہی اور غیر قانونی طریقے سے سرکاری زمینوں کی الاٹمنٹ اور منی لانڈرنگ کے مبینہ الزامات پر سابق وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین، ڈائریکٹر لینڈ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید اطہر حسین اور ایڈمنسٹریٹر ضیاء الدین میڈیکل سنٹر دبئی عبدالحمید کیخلاف انوسٹی گیشن، غیر قانونی طریقے سے بھرتیوں کے الزام میں سابق وزیر صنعت و تجارت بلوچستان سید احسان شاہ اور دیگر کیخلاف تحقیقات ، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی ذرائع سے اثاثے بنانے کا الزام میں رکن قومی اسمبلی سندھ میر منور علی تالپور اور دیگر کیخلاف انکوائری ،کراچی پورٹ ٹرسٹ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ اور دیگر کیخلاف سینیٹر سردار فتح محمد حسنی اور دیگر کو کے پی ٹی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے کمرشل پلاٹ غیر قانونی طریقے سے الاٹ کرنے کے الزام میں انکوائری ،سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ کے الزام میں رکن قومی اسمبلی سلطان محمود ہنجرا اور دیگر کیخلاف شکایت کی جانچ پڑتال ،جعلی کمپنیوں کے ذریعے ترقیاتی سکیموں کے فنڈز میں خورد برد کا الزام میں سابق رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان مجیب الرحمن محمد حسنی اور دیگر کیخلاف شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی صدارت میں نیب ہیڈ کوارٹر اسلام آباد میں ہوا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے پیسکو کے حکام اور دیگر کیخلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس مقدمے میں ملزمان نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے سرکاری رقم خورد برد کی اور قومی خزانے کو 1886.85 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔ اجلاس میں نوابزادہ محمود زیب اور دیگر کیخلاف بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ملزمان نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے معدنیات کی تلاش کیلئے 498.96 ایکڑ زمین غیر قانونی طریقے سے حاصل کی جس سے قومی خزانے کو 355 ملین روپے کا نقصان ہوا۔ ایگزیکٹو بورڈ نے اختیارات کے ناجائز استعمال پر نیب کے افسران کیخلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس نے سابق وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین ، ڈائریکٹر لینڈ کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سید اطہر حسین اور ایڈمنسٹریٹر ضیاء الدین میڈیکل سنٹر دبئی عبدالحمید کیخلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔

ملزمان پر دھوکہ دہی اور غیر قانونی طریقے سے سرکاری زمینوں کی الاٹمنٹ اور قبضے کا الزام ہے۔ ان غیر قانونی سرگرمیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی گئی جس سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا۔ بورڈ نے پشاور یونیورسٹی کے افسران اور دیگر کیخلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی۔ اس مقدمے میں سابق وائس چانسلر ڈاکٹر عظمت حیات اور دیگر پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی اور مہنگی زمین خریدنے کا الزام ہے جس سے قومی خزانے کو 100 ملین روپے کا نقصان ہوا۔

اجلاس میں سابق وزیر صنعت و تجارت بلوچستان سید احسان شاہ اور دیگر کیخلاف انوسٹی گیشن کی منظوری دی گئی۔ ملزم پر محکمہ صنعت و تجارت بلوچستان میں غیر قانونی طریقے سے بھرتیوں کا الزام ہے۔ ایگزیکٹو بورڈ نے رکن قومی اسمبلی سندھ میر منور علی تالپور اور دیگر کیخلاف انکوائری کا فیصلہ کیا۔ ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی ذرائع سے اثاثے بنانے کا الزام ہے۔

اجلاس میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ اور دیگر کیخلاف سینیٹر سردار فتح محمد حسنی اور دیگر کو کے پی ٹی کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے کمرشل پلاٹ غیر قانونی طریقے سے الاٹ کرنے کے الزام میں انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ایگزیکٹو بورڈ نے میسرز مکہ شوگر ملز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر، مالکان، چیف ایگزیکٹو آفیسر ریاض قدیر بٹ اور دیگر کیخلاف انکوائری کی منظوری دی۔

اس مقدمے میں ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو یوٹیلٹی سٹوروں اور دوسرے سرکاری اداروں کیلئے 14 لاکھ 21 ہزار 355 ملین ٹن خرید کی گئی چینی کا سٹاک فراہم نہیں کیا جبکہ کامیاب بولی دہندگان کو 100 فیصد ادائیگی کی گئی۔ میسرز مکہ شوگر ملز پرائیویٹ لمیٹڈ نے ٹی ڈی سی پی کے آرڈرز کے باوجود ضروری چینی فراہم نہیں کی بعد میں چینی کی فراہمی بند کر دی اور مزید چینی کی فراہمی سے انکار کر دیا جس سے قومی خزانے کو 618.485 ملین روپے کا نقصان ہوا۔

اجلاس میں حق باہو شوگر ملز پرائیویٹ لمیٹڈ اور دیگر کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کو یوٹیلٹی سٹوروں اور دوسرے سرکاری اداروں کیلئے 13 ہزار 530 ملین ٹن خرید کی گئی، حق باہو شوگر ملز پرائیویٹ لمیٹڈ نے ٹی ڈی سی پی کے آرڈرز کے باوجود ضروری چینی فراہم نہیں کی بعد میں چینی کی فراہمی بند کر دی اور مزید چینی کی فراہمی سے انکار کر دیا جس سے قومی خزانے کو 1405.171 ملین روپے کا نقصان ہوا۔

ایگزیکٹو بورڈ نے وائس چانسلر کراچی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد قیصر اور دیگر کیخلاف شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دی۔ ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے ذریعے مختلف گریڈز میں غیر قانونی بھرتیوں کے ذریعے قومی خزانے کو 2 ارب 50 کروڑ روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان مجیب الرحمن محمد حسنی اور دیگر کیخلاف شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دی گئی۔

ملزم پر جعلی کمپنیوں کے ذریعے ترقیاتی سکیموں میں فنڈز میں خورد برد کا الزام ہے۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی سلطان محمود ہنجرا اور دیگر کیخلاف شکایت کی جانچ پڑتال کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضے اور فروخت کا الزام ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب زیروٹالرننس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے قانون پر عملدرآمد ، آگہی اور تدارک کے ذریعے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے نیب کے تمام علاقائی بیوروز کو ہدایت کی کہ وہ تفتیش اور تحقیقات میں شفافیت پر عمل کرتے ہوئے مقدمات کو میرٹ پر نمٹائیں۔

متعلقہ عنوان :