تمام میڈیا کی عزت کرتا ہوں ، ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی کا ٹویٹ

جمعرات 7 جنوری 2016 11:25

تمام میڈیا کی عزت کرتا ہوں ، ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی کا ٹویٹ

لاہور (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار7جنوری- 2016ء) قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھے گئے پیغام میں کہا ہے کہ ہم کھیل کے ذریعے پاکستان کی بہتری کے لیے کوشاں ہیں۔ ہماری کوششوں کو پروان چڑھانے کے لیے میڈیا کا کردار اہم ہے ۔ وہ تمام میڈیا کی عزت کرتے ہیں ، پاکستان کے سافٹ امیج کے لیے میڈیا کے ساتھ ہیں ۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے امیج کو بہتر کرنے کے لیے ابھی بہت آگے بڑھنا ہے ملک کی بہتری کے لیے پُرامید ہیں ، ہمیں قوم کی سپورٹ اور دعاؤں کی ضرورت ہے ۔ خیال رہے کہ قومی ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان پرفارمنس کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر صحافی پر برس پڑے اور جواب دیا کہ مجھے معلوم تھا آپ ایسا ہی گھٹیا سوال کریں گے ۔

(جاری ہے)

قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہد آفریدی سے مذکورہ صحافی نے پوچھا تھا کہ ان کی کپتانی میں قومی ٹیم ورلڈ ٹی ٹونٹی میں بہتر پرفارمنس کیوں نہیں دے سکی اور میگا ایونٹ میں آج تک ان کی کپتانی میں کامیاب کیوں نہیں ہو سکی ؟ تو سوال کا جواب دینے کی بجائے 35 سالہ آل راونڈر کا کہنا تھا کہ مجھے اس بات کی اُمید تھی کہ آپ مجھ سے ایسا گھٹیا سوال ہی کریں گے ۔