پنک بال ہی کرکٹ کا مستقبل ہے،شہریار خان

جمعرات 7 جنوری 2016 13:28

پنک بال ہی کرکٹ کا مستقبل ہے،شہریار خان

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 جنوری۔2016ء) چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا پاکستان پنک بال سے نائٹ ٹیسٹ کھیلنے کا حامی ہے، کرکٹ میں اسی گیندکا مستقبل ہے ، آگے چل کر ٹیسٹ کرکٹ رات کو ہی کھیلنے کا رواج پروان چڑھے گا۔تفصیلات کے مطابق قائداعظم ٹرافی کا پنک گیند کے ساتھ ڈے اینڈ نائٹ فائنل اختتام کو پہنچ گیا، اس موقع پر کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا کہ ملک میں پہلے بھی گلابی گیند سے کھیلنے کا تجربہ کیا گیا لیکن پہلی مرتبہ فلڈ لائٹس میں قائد اعظم ٹرافی کے فائنل میں پنک بال استعما ل ہوئی، کرکٹ میں اسی گیند کا مستقبل ہے، ہمیں اپنے کھلاڑیوں کو اس کے استعمال کا عادی بنانا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ آگے چل کر ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کا رواج پروان چڑھے گا، اس طرز کے مقابلے شائقین کی دلچسپی کا باعث بنتے اور ان کو میدان میں کھینچ کر لاتے ہیں، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں یہ تجربہ کامیاب ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

انھوں نے ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹ ہی اصل کرکٹ ہے۔نئے کھلاڑیوں کو اس حوالے سے تر بیت دینا ہوگی، انھیں ٹیسٹ کرکٹ کے رموز سے آگاہی فراہم کی جائے گی۔

فاتح سوئی ناردرن گیس کے کپتان مصباح نے کہا کہ پنک بال کو رات میں کھیلتے ہوئے دشواری کا سامنا رہا تاہم جتنا زیادہ ہم اس گیند کے ساتھ کھیلیں اتنا ہی عادی ہوتے جائیں گے۔رنر اپ یوبی ایل کے قائد یونس خان نے کہاکہ پنک بال کا تجربہ اچھا رہا، ذاتی طور پر مجھے اس گیند سے کھیلنے میں لطف آیا تاہم مقام کا تعین موسم کی مناسبت سے ہونا چاہیے۔ ون ڈے کپتان اظہر علی نے کہا کہ پنک بال کا استعمال اپنی جگہ لیکن سرخ گیند ہی ٹیسٹ کرکٹ کی خوبصورتی ہے، فائنل میں گلابی گیند کا تجربہ اچھا رہا لیکن اس سے واقف ہونے میں وقت لگے گا۔

متعلقہ عنوان :