لاہور میں 12 سالہ گونگی لڑکی کے اغوا ء کامعمہ ایک ماہ بعد بھی حل نہیں ہو سکا

مقدمات کی تعداد ،تفتیش کا بوجھ زیادہ ہونے کے باوجود ملزموں کی تلاش میں دن رات مصروف ہیں ‘ پولیس

جمعرات 7 جنوری 2016 14:32

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جنوری۔2016ء) لاہور کے علاقے بادامی باغ کی 12 سالہ گونگی لڑکی کے اغوا ء کامعمہ ایک ماہ بعد بھی حل نہیں ہو سکا۔ تفصیلات کے مطابق بادامی باغ کی 12سالہ لڑکی کے اغوا ء کو پورا ایک ماہ ہو گیا ہے لیکن پولیس کی تفتیش ثبوت ہونے کے باوجود مکمل نہیں ہوپارہی۔ اغوا ء کاروں کی جانب سے دھمکی آمیز فون اور پیغام بھی آ رہے ہیں اور پیسہ بھی وصول کیا جارہاہے لیکن مغوی بچی جویریہ کا کوئی اتا پتہ نہیں۔

(جاری ہے)

متاثرہ خاندان کاکہنا ہے کہ اغوا ء کاروں کا موبائل فون کا ڈیٹا بھی پولیس کو فراہم کردیاہے ، تھانہ بادامی باغ نے ایف آئی آر درج کرکے معاملہ تفتیش کاروں کے سپر د کردیا ہے ،شاید انکی ترجیحات میں دکھی باپ اور مجبور خاندان کی کوئی حیثیت نہیں ۔متاثرہ خاندان پولیس اور صوبے کے اعلیٰ حکام سے انصاف کا منتظر ہے ۔جبکہ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمات کی تعداد اورتفتیش کا بوجھ بہت زیادہ ہے اسکے باوجود ملزموں کی تلاش میں دن رات مصروف ہیں ۔

متعلقہ عنوان :