فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو انڈسٹریل یونٹس، دکانوں، گوداموں اور دفاتر پر چھاپے روکے جائیں، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری

جمعرات 7 جنوری 2016 16:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔07 جنوری۔2016ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو انڈسٹریل یونٹس، دکانوں، گوداموں اور دفاتر پر چھاپے مارنے سے روکے کیونکہ اس سے کاروباری ماحول خراب ہورہا ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ تاجر ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہتے ہیں لیکن ضروری ہے کہ انہیں مناسب کاروباری ماحول مہیا کیا جائے۔

انہوں نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے اپیل کی کہ وہ ایف بی آر کو مینوفیکچرنگ یونٹس، دفاتر، دوکانوں اور گوداموں پر چھاپے مارنے سے روکیں کیونکہ اس سے تاجر برادری میں شدید خوف و ہراس پیدا ہورہا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ حکومت معیشت کی بحالی کے لیے کوششیں کررہی ہے جبکہ بیوروکریسی تاجر برادری کو ہراساں کرکے حالات بگاڑنے میں مصروف ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کو ریلیف کی ضرورت ہے مگر افسر شاہی اس کے اْلٹ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی شعبہ معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے حکومت کی کوششوں کو آگے بڑھانا چاہتا ہے لیکن ضروری ہے کہ انہیں پْرسکون ماحول مہیا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مینوفیکچرنگ یونٹس، دوکانوں اور گوداموں پر چھاپے مارنے کا سلسلہ نہ روکا تو تاجر برادری کے لیے اپنے کاروباری جاری رکھنا ممکن نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار صورتحال کا نوٹس لیں اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے اہلکاروں کو تاجر برادری میں خوف و ہراس پیدا کرنے والے اقدامات اٹھانے سے روکیں۔