بھٹہ مالک کی قید سے بازیاب کرائے گئے 13مزدوروں کو رہا کرنے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ کا بھٹہ مالک کی قید میں موجود مزیدسات مزدوروں کو بھی بازیاب کرانے کا حکم

جمعرات 7 جنوری 2016 17:48

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جنوری۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے بھٹہ مالک کی قید سے بازیاب کرائے گئے 13مزدوروں کو رہا کرنے کا حکم دیدیا ۔ جبکہ بھٹہ مالک کی قید میں موجود مزیدسات مزدوروں کو بھی بازیاب کرانے کا حکم دیدیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز لاہورہائیکورٹ کے جسٹس فرخ گلزار اعوان نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالتی حکم پر بیلف نے بازیاب کرائے گئے 13مزدوروں کو عدالت کے روبرو پیش کیا اور عدالت کو آگاہ کیا کہ مانگا منڈی کے بھٹہ مالک نے مزدوروں کو زبردستی قید کر رکھا تھا اور ان سے جبری مشقت کرائی جا رہی تھی۔

مزید سات مزدور موقع سے برآمد نہیں کئے جا سکے۔ جس پر عدالت نے بازیاب کرائے گئے تمام بھٹہ مزدوروں کو فوری طور پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے بھٹہ مزدوروں کا طبی معائنہ کرانے اور بھٹہ مالک کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔عدالت نے تھانہ مانگا منڈی کے ایس ایچ او کو مزید سات مزدوروں کو بازیاب کرا کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا۔