نجی ائیر لائن کا طیارہ اڑانے والے گرفتار پائلٹ کے جوڈیشل ریمانڈ میں14 جنوری تک تو سیع

جمعرات 7 جنوری 2016 19:44

لاہور۔7 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔07 جنوری۔2016ء) لاہور میں انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج خواجہ ظفر اقبال نے مبینہ طور پر شراب کے نشے میں دھت ہو کر ایک نجی ائیر لائن کا طیارہ اڑانے والے گرفتار پائلٹ عصمت محمود کی ریمانڈ میں مزید14 جنوری تک تو سیع کر دی ۔ پولیس نے جمعرات کوملزم کیپٹن عصمت محمود کو جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پرسخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ کا چالان عدالت میں پیش کیا جا چکا ہے لہذا ملزم پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی شروع کی جائے ۔ عدالت کے رو برو ملزم کیپٹن عصمت محمود کے وکیل حسن اقبال وڑائچ ایڈووکیٹ نے موقف اخیتار کیا کہ ملزم کی درخواست ضمانت لاہور ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے لہذا ملزم کے خلاف فرد جرم عائد نہیں کی جا سکتی۔

(جاری ہے)

جس پر عدالت نے ملزم کے جوڈیشل ریمانڈ میں چودہ جنوری تک تو سیع کر دی ۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت ملتوی کرتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر ملزم کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ ملزم کے خلاف تھانہ سرور روڈ لاہور میں انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج ہے ۔ درج ایف آئی آر کے مطابق کیپٹن عصمت محمود پر الزام ہے کہ اس نے نشے میں دھت ہو کر طیارے کی اڑان بھری اور نشے کی حالت میں ہی طیارہ اڑاتا رہا جبکہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈنگ کے دوران طیارہ قابو نہ کر سکا جس سے طیارے میں موجود سو سے زائد مسافروں کی زندگی داو پر لگ گئی۔