وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس،گیس کی بنیاد پر لگنے والے توانائی منصوبوں کی پیش رفت پراظہاراطمینان

توانائی بحران میں کمی لانے کیلئے گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کے کارخانے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں توانائی کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں ر کھی جائے گی‘ شہبازشریف

جمعرات 7 جنوری 2016 20:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جنوری۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت یہاں اجلاس منعقد ہوا ، جس میں گیس کی بنیاد پر پنجاب میں لگنے والے بجلی کے منصوبوں اوردیگر انرجی پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ نے پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے 3600میگاواٹ توانائی کے منصوبوں پر پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکیا ۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ توانائی بحران میں کمی لانے کیلئے گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کے کارخانے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔پنجاب میں بلوکی،حویلی بہادر شاہ اوربھکی میں گیس کی بنیاد پر توانائی کے منصوبے لگائے جارہے ہیں اور ان منصوبوں کی تکمیل سے 3600میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہوگی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ گیس کی بنیاد پر توانائی کے منصوبوں کا 2سال کا کام 8ماہ میں کیا گیا ہے ۔اسی جذبے اورعزم سے کام کرتے ہوئے ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں ر کھی جائے گی۔توانائی کے منصوبوں پر کام کرنے والوں کو ہر ممکن سہولتیں دی جارہی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ گیس کی بنیاد پر توانائی کے منصوبوں پر عملدر آمد سے مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں ۔