پنجاب سیڈ کونسل کا 45واں اجلاس سیکرٹری زراعت پنجاب محمد شہریار سلطان کی صدارت لاہور میں منعقد ہوا

کپاس کی 21 اور آم کی11 نئی اقسام کے کیسوں کی جانچ پڑتال کیلئے سیکرٹری سیڈ کونسل کی زیر صدارت سب کمیٹی تشکیل

جمعرات 7 جنوری 2016 21:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔07 جنوری۔2016ء ) پنجاب سیڈ کونسل کا 45واں اجلاس سیکرٹری زراعت پنجاب محمد شہریار سلطان کی صدارت میں زراعت ہاؤس لاہور میں منعقد ہوا ۔8گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں مختلف فصلوں کی 9نئی اقسام کی منظوری دے دی گئی جن میں مکئی کی 3،گندم ،مٹر، مونگ پھلی ، جوار،سیڈ لیس کنو، مونگ بین اور کینولاکی ایک ، ایک قسم شامل ہے جبکہ باجرہ کی 1قسم کو ایک سال کی مزید تحقیق کے بعد منظوری کے لیے دوبارہ پیش کیا جائے گا ۔

اجلاس میں سیکرٹری سیڈ کونسل خاقان بابر ،ڈائریکٹر جنرل فیڈرل سیڈ سرٹیفکیشن اینڈ رجسٹریشن ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر محمد شکیل ،کاٹن کمشنر ڈاکٹر خالد عبداﷲ، ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ) پنجاب ڈاکٹر عابد محمود،ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع)پنجاب ڈاکٹرمحمد انجم علی ، ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن ناصر سلیم ،ڈائریکٹر سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان ڈاکٹر ساجد حسن شاہ ، ڈائریکٹر ایگری کلچرل انفارمیشن پنجاب محمد رفیق اختر اور ترقی پسند کاشتکار بلال اسرائیل خان نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری زراعت پنجاب نے زرعی سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ سائنسدانوں نے اپنی کاوشوں سے زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے والی اور بیماریوں کے خلاف مدافعت رکھنے والی نئی اقسام متعارف کروائی ہیں تاکہ تصدیق شدہ بیج کی کاشت کے فروغ سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ہو۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے زرعی انقلاب کے خواب کو پورا کرنے کے لیے زرعی سائنسدان مزید محنت کریں۔

اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب نے کپاس کی 19بی ٹی اور 2نان بی ٹی اقسام کے علاوہ آم کی 11نئی اقسام کی حتمی منظوری کے لیے سیکرٹری سیڈ کونسل کی زیر صدارت ایک سب کمیٹی تشکیل دی جو کپاس اور آم کی نئی اقسام کے کیسوں کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد ضروری سفارشات سیکرٹری زراعت پنجاب کو بھجوائے گی ۔

متعلقہ عنوان :