مکہ مکرمہ کی جیلوں اور زائرین کے قیام کے لیے ترقیاتی منصوبے‘ زائرین کے قیام کے لیے خصوصی عمارتیں بنائی جائیں گی‘حکام

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعرات 7 جنوری 2016 22:54

مکہ مکرمہ کی جیلوں اور زائرین کے قیام کے لیے ترقیاتی منصوبے‘ زائرین ..

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 جنوری۔2016ء) سعودی حکومت مکہ مکرمہ میں جیلوں کو بہتر بنانے کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی تیاری کررہی ہے جن کے تحت جیلوں میں آنے والے ملاقاتیوں اور زائرین کے قیام کے لیے خصوصی عمارتیں بنائی جائیں گی۔یہ بات محکمہ جیل خانہ جات کے ڈائریکٹر صالح القحطانی نے ایک مقامی جریدے کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے بتائی ہے۔

انھوں نے بتایا ہے کہ ہم اپنی جیلوں میں جمنازیم ،کھیلوں کے میدان اور تعلیمی ادارے بنائیں گے اور زائرین کے لیے جدید سہولتوں سے آراستہ ایک خصوصی عمارت تعمیر کی جائے گی تاکہ وہاں آنے والے خاص طور پر ضعیف العمر اور خصوصی افراد خود کو مکمل طور پر پْرسکون محسوس کریں۔انھوں نے کہا کہ اس عمارت کی تعمیر کے بعد ملاقاتیوں کو قیدیوں کی کوٹھڑیوں میں جانے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ قیدیوں کو ان سے ملوانے کے لیے اس نئی عمارت میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہم بہت سے منصوبوں کو حتمی شکل دے رہے ہیں اور ان پر بہت جلد عمل درآمد سے قیدیوں اور ملاقاتیوں دونوں کو بہت فائدہ پہنچے گا۔ڈائریکٹر نے مزید بتایا ہے کہ مکہ کی جیلوں میں قید 119 افراد اس وقت ام القریٰ یونیورسٹی سے انڈر گریجوایٹ کی سطح کی تعلیم حاصل کررہے ہیں۔166 نے صنعتی تعلیم کے ادارے سے شراکت کے ذریعے تعلیم حاصل کی ہے اور 172 قیدیوں نے بنیادی ،ثانوی یا انٹرمیڈیت کی سطح تک جیل کی سلاخوں کے پیچھے تعلیم حاصل کی ہے۔

قحطانی کا کہنا تھا کہ جیلوں میں رہتے ہوئے تعلیم حاصل کرنے والے قیدیوں کے رویے میں بھی بہتری آئی ہے۔بہت سے قیدیوں نے جامعہ ام القریٰ کے زیرنگرانی قرآن مجید حفظ کیا ہے۔اس کے علاوہ ہماری ایک آڈیو لائبریری بھی ہے جس سے قیدیوں کو قرآن مجید حفظ کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ہر ماہ اوسطاً چار قیدی قرآن پاک کے حافظ بن رہے ہیں۔انھوں نے قرآن مجید حفظ کرنے والے قیدیوں دی جانے والی پْرکشش مراعات کے بارے میں بتایا کہ حفاظ قیدیوں کی جیل کی مدت کم کر دی جاتی ہے،قیدیوں کی فہرست سے ان کا نام خارج کردیا جاتا ہے،انھیں عام معافی کا فائدہ دیا جاتا ہے اور مالی انعامات بھی دیے جاتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :