وزیراعظم کا اسلام آباد میں تعلیم کے شعبہ میں تبدیلی اور بہتری کا منصوبہ پورے ملک کے لئے رول ماڈل ہے

وزیر مملکت کیڈ طارق فضل چوہدری بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مشاورتی اجلاس سے خطاب

جمعرات 7 جنوری 2016 23:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔07 جنوری۔2016ء) وزیر مملکت برائے کیپیٹل ایڈمنسٹریشن ڈوپلمنٹ ڈویژن (کیڈ) ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا اسلام آباد میں تعلیم کے شعبہ میں تبدیلی اور بہتری کا منصوبہ پورے ملک کے لئے رول ماڈل ہے ۔ وہ جمعرات کو یہاں اسلام آباد میں بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مشاورتی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کا اسلام آباد کے تعلیمی نظام کو آزاد جموں وکشمیر گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے لئے رول ماڈل بنانے کا وژن ہے۔ وزیرمملکت نے تعلیمی ڈھانچہ جاتی نظام کی ترقی کے لئے نئے آئیڈیاز اور ماڈلز پیش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ سرکاری سکولوں میں مونیٹسوری پری سکول تعلیمی نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ ابتدائی طور پر مونیٹسوری تعلیمی نظام پانچ سکولوں میں متعارف کروایا جائے گا جس کے بعد اس پروگرام کے دوسرے مرحلہ میں اسے مزید سکولوں تک وسعت دی جائے گی ۔ ڈائریکٹر جنرل فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور ڈائریکٹر جنرل سپیشل ایجوکیشن نے اجلاس کو اسلام آباد دارالحکومت کے تعلیمی نظام کے بارے میں بریف کیا اور ان شعبوں کی نشاندہی کی جن کی بہتری کے لئے ترقیاتی شراکت دار تعاون اور مدد کر سکتے ہیں ۔

اپنی نوعیت کا یہ پہلا مشاورتی اجلاس تھا جس میں پاکستان میں تعلیمی تجربہ کے لئے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں کی رائے لی گئی۔ اجلاس میں یو ایس ایڈ ، ڈی ایف آئی ڈی ، جے آئی سی اے، ورلڈ فوڈ پروگرام کینڈین پروگرام ، پاکستان میں تعاون اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی ۔ شرکاء نے تعلیم کے لئے وزیراعظم کے وژن کو سراہا اور مختلف شعبوں خاص طور پر تعلیم بارے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ پاکستان میں تعلیمی پروگراموں میں باہمی تعاون اور متحد و عمل کی ضرورت ہے ۔ اجلاس میں تعلیمی اصلاحات کا پروگرام متعارف کروایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آبادکے تمام 422سکولز ،کالجز کے طلباء و طالبات کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیا ت فراہم کی جائیں گی اور اس ضمن میں 200نئی بسیں خریدی جا رہی ہیں ، وزیر نے بین الاقوامی ترقیاتی شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ اپنے آئیڈیاز اور مہارت پیش کریں اور انہوں نے مونٹیسوری کے تربیب یافتہ اساتذہ کی فراہمی پر بھی زور دیا ۔