ویمنز بگ بیش لیگ، میلبورن سٹارز اور سڈنی سکسرز نے اپنے اپنے میچ جیت لئے

جمعہ 8 جنوری 2016 13:03

ویمنز بگ بیش لیگ، میلبورن سٹارز اور سڈنی سکسرز نے اپنے اپنے میچ جیت ..

میلبورن ۔08 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔08 جنوری۔2016ء) ویمنز بگ بیش لیگ میں میلبورن سٹارز اور سڈنی سکسرز نے اپنے اپنے میچ جیت لئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میلبورن میں کھیلے گئے لیگ کے 39 ویں میچ میں میلبورن سٹارز نے ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کو 19 رنز سے شکست دی، فاتح ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 158 رنز بنائے، کپتان میگ لیننگ نے تین چھکوں کی مدد سے 84 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔

مگنون ڈوپریز 65 رنز کے ساتھ دوسری نمایاں بیٹر رہیں۔

(جاری ہے)

ایڈیلیڈ سٹرائیکرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز بنائے۔ سیرا ٹیلر نے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکیں۔ مورنا نیلسن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ ایک اور میچ میں سڈنی سکسرز نے میلبورن رینیگیڈز کو 25 رنز سے ہرا دیا۔ سڈنی سکسرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے۔ الیزا ہیلی نے 81 اور کپتان ایلیز پیری 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ میلبورن رینیگیڈز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور وہ 8 وکٹوں کے نقصان پر 139 رنز سکور کر سکی۔ سیرا ایلے نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔