ایئر پورٹس پر پاکستانی مسافروں کو مفت سہولیات کی فراہمی

جمعہ 8 جنوری 2016 16:21

ایئر پورٹس پر پاکستانی مسافروں کو مفت سہولیات کی فراہمی

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء)سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی سی اے) نے پاکستانی مسافروں مفت سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مسافروں کو ایئر پورٹس پر منرل واٹر، چائے اور کافی کی سہولیات مفت دی جایئں گی جبکہ ضعیف اور معذور افراد کو بلا معاوضہ پارکنگ سے طیارے اور طیارے سے پارکنگ تک پہنچایا جائے گا۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کے مطابق ابتدائی مرحلے میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئر پورٹس پرضعیف اور معذور افراد کی بلامعاوضہ مدد کے لیے خصوصی کاؤنٹر بھی بنا دیے گئے ہیں ۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں دیگر ایئر پورٹس پر بھی مسافروں کو اسی طرح کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی ۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے ایئر پورٹس پر تمام مسافروں کو منرل واٹر، چائے اور کافی کی سہولیات بھی مہیا کی جا رہی ہیں۔

(جاری ہے)

سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام کی طرف سے یہ اضافی سہولیات ہیں جو مسافروں کو مہیا کی جا رہی ہیں ۔ڈائریکٹر سول ایو ایشن اتھارٹی فرح شاہ کے مطابق مسافروں کو موجودہ سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے اور مسافروں کو سفر کے دوران پرسکون ماحول فراہم کرنے کے لیے بھی مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ صفائی کے نظام کی بہتری کے لیے بھی حکام کی طرف سے عملے کو کام پر لگا دیا گیا ہے ۔ڈائریکٹر فرح شاہ کا مزید کہنا تھا کہ سی اے اے کا عملہ مسافروں کی مدد اور سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتا ہے اور مسافروں کو مزید بہتر اور پرسکون سہولیات فراہم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جا رہا ہے ۔