موجودہ حالات کے پیش نظر سکیورٹی کے حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹرحیدر اشرف نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ اس وقت ہمارے لئے دہشتگردی کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے

جمعہ 8 جنوری 2016 18:37

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔08 جنوری۔2016ء) موجودہ حالات کے پیش نظر سکیورٹی کے حوالے سے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹرحیدر اشرف نے آن لائن سے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ اس وقت ہمارے لئے دہشتگردی کا خاتمہ سب سے بڑا چیلنج ہے۔ جس کے لئے ہم اور ہمارے جوان ہر وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی صرف پولیس ہی کی نہیں بلکہ پوری قوم کو مل کر اس ناسور کا خاتمہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے عوام الناس میں آگاہی اور پیداری کے لئے میڈیا بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرئے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ میٹل ڈیٹکٹر سے تلاشی لے کر گاڑیوں کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام ڈویژنوں کے ایس پیز کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے اپنی ڈویژن کی سکیورٹی کی نگرانی کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ایس ایچ اوز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مساجد کی کمیٹی کے ارکان اور علاقے کے معززین سے میٹنگیں کرکے امن و امان کی صورت حال کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد میں لاؤڈسپیکر صرف اذان کے لئے استعمال کیا جائے۔

لاؤڈسپیکر کے غیر ضروری استعمال پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام اماموں اور خطیبوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی دیگر مسالک کے خلاف کسی قسم کی تقریر یا اشتعال انگریزی اس مواد کی برآمدگی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی عزت نفس اور پولیس اور عوام میں تعاون کی فضا کو بحال کرنے کے لئے تھانوں میں ایڈمن افسران تعینات کئے ہیں جو شکایت لے کر تھانے آنے والے سائیلان سے اچھے طریقہ سے پیش آرہے ہیں۔

روایتی تھانہ کلچر کو بتدریج ختم کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے شہرکی معروف شاہرات چیک پوسٹوں کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کا انہیں بھرپور احساس ہے مگر شہریوں کی جان ومال کی حفاظت زیادہ مقدم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عوام الناس اور میڈیا تعاون کرے۔