صحت، پانی اور تعلیم کا بجٹ اورنج ٹرین منصوبے پر نہیں لگانے دینگے،میاں محمودالرشید

جمعہ 8 جنوری 2016 19:41

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔08 جنوری۔2016ء) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرمیاں محمودالرشید نے کہاہے کہ صحت، پانی اور تعلیم کا بجٹ اورنج ٹرین منصوبے پر نہیں لگانے دینگے، حکومت ہسپتالوں کی حالت بہتر کرے اور مزید ہسپتالوں کا قیام عمل میں لائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان چونگی پر واقع نواز شریف سوشل سکیورٹی ہسپتال کے دورے کے موقع پر کیا۔

محمودالرشید نے مریضوں کی عیادت کی، لیبارٹری اور مختلف وارڈوں کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومت سے سوشل سکیورٹی کے مزید ہسپتالوں کے قیام کا مطالبہ کیا۔ محمودالرشید کا مزید کہنا تھا کہ ہسپتالوں کی حالت قابل رحم ہے، مریض خوار ہورہے ہیں،ڈاکٹر علاج کرنا چاہتے ہیں لیکن حکومت انہیں وسائل فراہم نہیں کر رہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہ حکمران بدلا ہے پنجاب کا نعرہ لگا رہے ہیں لیکن حقیقت یہصوبے میں صحت کا وزیر نہیں، 6ماہ کے دوران صحت کیلئے مختص بجٹ میں سے صرف 36فیصد استعمال ہوا، صوبے میں ہر تیسرا میڈیکل سٹور جعلی ادویات رکھتا ہو اور حکومت خاموش تماشائی بن کر غریب کے بچوں کو مرتا دیکھے اس سے زیادہ المناک بات اور کیا ہو سکتی ہے۔ انہوں نے ایک مرتبہ پھر حکومت کو وارننگ دی کہ اگر عوام کے صحت عامہ سے متعلق مسائل حل نہ کئے گئے تو فیصلہ کن عوامی تحریک چلائیں گے۔

دریں اثناء محمودالرشید نے پارٹی کے ناراض دھڑوں اور غیر فعال رہنماؤں ، کارکنوں کو متحد کرنے کیلئے باقاعدہ مہم کا آغاز کردیا۔ گزشتہ روز انہوں نے پارٹی کے دیرینہ کارکنوں اور رہنماؤں پر مشتمل مختلف وفود سے اپنے دفتر میں ملاقات کی۔ وفد میں ایم پی اے ڈاکٹر مراد راس،تیمور اسلام، ملک وقار، احمد ناصر، فاروق خان، حافظ حسیب، حافظ ذیشان رشید، عمران گجر، عامرقریشی ودیگر رہنماؤں اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر میاں محمودالرشید کا کہنا تھا کہ تمام ورکرز اور رہنما باہمی اختلافات سے بالاتر ہوکر پارٹی کو منظم کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے وفد میں آنے والے رہنماؤں اور کارکنوں کو ممبر سازی مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

متعلقہ عنوان :