ڈی بی ایس پاکستان کی ویب سائٹ کا اجراء میڈیکل ٹورازم کی جانب پیش قدمی ہے ‘خواجہ سلمان رفیق

وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے مالی امداد کے ذریعے متعدد مریضوں کے ڈی بی ایس پروسیجر کئے گئے جو اب بہتر زندگی گزاررہے ہیں

جمعہ 8 جنوری 2016 20:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء ) مشیر وزیراعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاہے کہ رعشہ ، پٹھوں کے کھچاؤ اور پارکنسن جیسے امراض کے علاج کیلئے جدید طریقہ ڈیپ برین سٹیمولیشن کے ایک سا ل میں 20 کامیاب آپریشن پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود پرنسپل پوسٹ گریجوایٹ میڈیکل انسٹیٹیویٹ اور لاہور جنرل ہسپتال کے سرجنز کا بہت بڑا کارنامہ ہے ،طبی ماہرین اور عام لوگوں کو ڈی بی ایس طریقہ علاج بارے معلومات کی فراہمی کے لئے www.dbspakistan.com ویب سائٹ کا اجراء نا صرف ا یسے مریضوں کے لئے بہت فا ئدہ مند ثابت ہوگا بلکہ پاکستان میں میڈیکل ٹورازم کے آغاز کا باعث بنے گا -انہوں نے یہ بات یہاں ڈی بی ایس میں پی جی ایم آئی طریقہ علاج بارے ویب سا ئٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کہی- انہوں نے کہاکہ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں صوبائی حکومت کی ترجیحات میں صحت اور تعلیم کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور جدیدطریقہ علاج کے حوالے سے تحقیق کے لئے ہر ممکنہ فنڈز فراہم کئے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے سرکاری شعبے میں اپنی نوعیت کی پہلی ویب سائٹ بنا کر اپنے ہم عصروں کے سامنے ایک نیا چیلنج رکھ دیا ہے۔ اس موقع پرمیڈیکل سپریٹنڈنٹ جنرل ہسپتال کیپٹن(ر) نیاز احمد، اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہد مختار، اے ایم ایس ڈاکٹر شاہد میوو دیگر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔ مشیر صحت نے کہا کہ آج کی تقریب میرے اور ہم سب کے لئے اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ ملک میں پہلی بار کسی معالج نے جدید طریقہ علاج کی بابت ہر قسم کی معلومات ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر کے ایک نئی روایت قائم کی ہے۔

اس سے نہ صرف پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود بلکہ جنرل ہسپتال کا نام بھی طب کی تاریخ میں امر ہوا ہے۔ مشیر صحت نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبے کی ترقی و استحکام اور علاج معالجہ کی جدید سہولتوں کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔اس ضمن میں چیف منسٹر ہیلتھ سیکٹر روڈ میپ پروگرام کے تحت صوبہ کے سات سو بنیادی مراکز صحت کو علاج معالجہ کے جدید سنٹرز میں تبدیل کر دیا گیاہے جہاں 24گھنٹے لیبر روم کی سہولت بھی فراہم کردی گئی ہے-ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز اور تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹروں کی موجودگی، ادویات کی دستیابی اور ضروری طبی آلات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے جامع اقدامات کئے گئے ہیں- پرنسپل پی جی ایم آئی و اے ایم سی پروفیسرڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ انسانی صحت کے لئے خطرہ بننے والی بیماریاں کے جدید طریقہ علاج کے لئے تحقیق و تجربات کو عام کرنا عظیم خدمت ہے۔

جبکہ ویب سائٹ بنانے کا مقصد علاج معالجہ کے لئے ایک دوسرے کے طبی تجربات سے مستفید ہونا اور اس روایت کو مزید فروغ دینا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بیماریوں سے بچاؤ کے لئے لوگوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق زیادہ سے زیادہ آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔ اور اس ضمن میں شعبہ طب سے وابستہ افراد کو تسلسل کے ساتھ اقدامات کرنے چاہیں۔خواجہ سلمان رفیق نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بیرون ملک ڈی بی ایس کے پروسیجر پر تقریبا ایک کروڑ روپے خرچ ہوتے ہیں لیکن پاکستان میں ایل جی ایچ میں پروفیسر خالدمحمود اور ان کے سرجنز نے ایک چوتھائی خرچ پر یہ آپریشن ممکن کر کے پاکستان کے مریضوں کے لئے آسانی پیدا کردی ہے-خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ وزیر اعلی محمد شہبازشریف کی جانب سے مالی امداد کے ذریعے متعدد مریضوں کے ڈی بی ایس پروسیجر کئے گئے ہیں جو اب بہتر زندگی گزاررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :