بلاول بھٹو کو سکیورٹی وجوہات کے باعث اعلان کردہ شیڈول کے برعکس ایک روز قبل ہی لاہور پہنچا دیا گیا

سکیورٹی خدشات کے باعث بلاول بھٹو کے دورہ کو رہنماؤں سے بھی مخفی رکھا گیا ،بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹوبھی ہمراہ آئی ہیں‘ ذرائع

جمعہ 8 جنوری 2016 20:14

بلاول بھٹو کو سکیورٹی وجوہات کے باعث اعلان کردہ شیڈول کے برعکس ایک ..

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سکیورٹی وجوہات کے باعث اعلان کردہ شیڈول کے برعکس ایک روز قبل ہی لاہور پہنچا دیا گیا ،سکیورٹی خدشات کے باعث بلاول بھٹو کے دورہ کو رہنماؤں سے بھی مخفی رکھا گیا ۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شیڈول کے مطابق ہفتہ کے روز چار روزہ دورہ پر لاہور پہنچنا تھا تاہم سکیورٹی وجوہات کی بناء انہیں ایک روز قبل ہی لاہور پہنچا دیا گیا ۔

بلاول بھٹو کی لاہور آمد کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے رہنمابھی لا علم رہے اور کوئی بھی رہنما استقبال کے لئے ائیر پورٹ پر موجود نہ تھا ۔ خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور پہنچنے کے بعد انہیں انتہائی سخت سکیورٹی میں بلاول ہاؤس لاہور پہنچا دیا گیا ۔

(جاری ہے)

پارٹی کے رہنما پارٹی چیئرمین کی آمد سے اس قدر بے خبر رہے کہ جب انہیں بلاول بھٹو کے ہمراہ آنے والوں کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ مجھے جو آگاہی دی گئی ہے اس کے مطابق بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو بھی انکے ہمراہ ہیں ۔

ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو کی آج ہفتہ کے روز رہنماؤں سے غیر رسمی ملاقات متوقع ہے ۔بلاول بھٹو اتوار کے روز اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کریں گے ،11جنوری کو ہائیکورب بار میں خطاب اور 12جنوری کو جنوبی اور وسطی پنجابی کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ بلاول بھٹو کی اراکین اسمبلی ، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز سے بھی ملاقاتیں متوقع ہیں ۔ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو 12یا 13جنوری کو واپس روانہ ہو جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :