پاکستان کوایران سعودی تنازع میں فریق بنے بغیراپنامصالحتی کردار اداکرنا چاہئے‘ میاں مقصود احمد

ایران سعودی کشیدگی امت مسلمہ کے مفاد میں نہیں ،اس سے فرقہ وارانہ بنیاد پرقتل وغارت شروع ہوجائیگی‘عوامی وفود سے گفتگو

جمعہ 8 جنوری 2016 20:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء ) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ ایران سعودی کشیدگی خطے کے لئے خطرناک اورتمام عالم اسلام کے لئے سخت نقصان دہ ہے،حکومت پاکستان کو چاہئے کہ وہ دونوں برادرمسلم ملکوں کے درمیان مصالحتی کردار اداکرکے باہمی تنازع کو ختم کروائے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے لاہورمیں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ ایران سعودی تنازع میں پاکستان کوکسی بھی صورت فریق نہیں بننا چاہئے بلکہ اسے اس حساس معاملے میں فریق بنے بغیر دونوں ملکوں کوافہام وتفہیم کے ذریعے اپنے مسائل کے حل کی طرف توجہ دلانی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ امریکہ ،اسرائیل اور یورپی ممالک نہیں چاہتے کہ مشرق وسطیٰ میں امن قائم ہوسکے۔

(جاری ہے)

یہ مسلمان ملکوں کے خلاف گہری سازش ہے یہی وجہ ہے کہ عراق،شام،لیبیا اور یمن کے بعد اب ایران اور سعودی عرب کوایک دوسرے کے سامنے لاکھڑاکیاگیا ہے۔

ایران سعودی کشیدگی امت مسلمہ کے مفاد میں نہیں ہے اس سے شیعہ سنی تقسیم ہوگی اور فرقہ وارانہ بنیاد پرقتل وغارت کاایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ اس نازک صورتحال پردونوں مسلمان ملکوں کویہودونصاریٰ کی اس خوفناک سازش کو سمجھنا چاہئے اور اپنے تعلقات کواس حد تک نہیں بگاڑنا چاہئے کہ پورے مشرق وسطیٰ میں تباہی مچ جائے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کو ترکی اور دیگر مسلمان ملکوں کوساتھ ملاکر ایران سعودی کشیدگی کوختم کرنے کے لئے اپنا کردار اداکرنا چاہئے اور او آئی سی کااجلاس بھی جلدبلایاجانا چاہئے تاکہ مشرق وسطیٰ میں آگ وخون کے اس کھیل کوروکا جاسکے۔