اعلی سول اور ملٹری قیادت کا پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے بھارتی حکومت کے ساتھ رابطے میں رہنے کا فیصلہ

دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھارت کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا:وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس

Zeeshan Haider ذیشان حیدر جمعہ 8 جنوری 2016 20:30

اعلی سول اور ملٹری قیادت کا پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے بھارتی حکومت ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 08 جنوری۔2015ء) اعلی سول اور ملٹری قیادت نے بھارتی فضائیہ کے پٹھان کوٹ میں واقع اڈے پر حملے کے حوالے سے بھارتی حکومت کے ساتھ رابطے میں رہنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا ہے کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھارت کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔وزیرِ اعظم ہاؤس سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق یہ فیصلہ جمعے کو وزیراعظم میاں نواز شریف کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ہوا۔

علاقائی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے بلائے گئے اجلاس میں برّی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف، وزیرِ داخلہ چوہدری نثار، وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کے علاوہ قومی سلامتی کے مشیر ناصر جنجوعہ، ڈی جی آئی ایس آئی رضوان اختر اور ڈی جی ملٹری آپریشنز بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس کے شرکانے بھارتی حکومت کی جانب سے اس حملے کے بارے میں پاکستان کو فراہم کی جانے والی معلومات کے سلسلے میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا۔

بیان کے مطابق شرکائے اجلاس نے اجلاس کے دوران دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے بھارت کی مدد کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور اس بات کی توثیق بھی کی گئی کہ پاکستان دہشتگردی کی ہر قسم کی مذمت کرتا ہے۔دہشت گردی اور انتھاپسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے تمام اداروں کے درمیان موجود ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں یہ بھی کہا گیا کہ کسی بھی دہشت گرد کو دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی کرنے کے لیے پاکستان کی سرزمین کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اجلاس میں پاک بھارت قیادت کی حالیہ ملاقاتوں پر اعتماد کا اظہار کیا گیا اور بامعنی اور جامع مذاکراتی عمل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کی سرزمین دہشتگردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔ملک کی پوری قیادت اور ادارے دہہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے متفق ہیں۔پوری قوم متفق ہے کہ تمام دہشتگرد تنظیموں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔ شرکاء نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ اعلیٰ سطح کے رابطوں پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کو جامع، بامقصد مذاکرات کے حوالے سے پرعزم رہنا چاہیے۔