چورمسجد سے تین ممتاز کاروباری شخصیات کے نامور برانڈز کے ہزاروں روپے مالیت کے جوتے اٹھا کر لے گیا

تینوں شخصیات نے جوتے چور کی اطلاع دینے یا جوتے واپس کرنے کی صورت میں ہزاروں روپے انعام کا اعلان کر دیا

جمعہ 8 جنوری 2016 22:51

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔08 جنوری۔2016ء)نا معلوم چورنماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے جانے والی تین ممتاز کاروباری شخصیات کے نامور برانڈز کے ہزاروں روپے مالیت کے جوتے اٹھا کر لے گیا ، تینوں شخصیات نے جوتے چور کی اطلاع دینے یا جوتے واپس کرنے کی صورت میں ہزاروں روپے انعام کا اعلان بھی کر دیا ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ لاہور چیمبر کے نائب صدر ناصر سعید ،، فارما انڈسٹری کی ممتاز شخصیت خواجہ شاہ زیب اکرم اورفلور انڈسٹری سے وابستہ جبار خالد نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے مسجد گئے تھے کہ اس دوران نا معلوم چور تینوں شخصیات کے نامور برانڈز کے ہزاروں روپے مالیت کے جوتے اٹھا کر لے گیا ۔

نماز کی ادائیگی کے بعد کافی دیر تک تلاش میں ناکامی کے بعد ہزاروں روپے مالیت کے جوتے پہن کر جانے والی تینوں شخصیات مسجد سے پلاسٹک کے جوتے پہن کر واپس لاہور چیمبر پہنچیں ۔ بتایا گیا ہے کہ تینوں شخصیات نے چور کی اطلاع دینے یا چور کی طرف سے جوتے واپس کرنے کی صورت میں ہزاروں روپے انعام کا اعلان کر دیا ہے ۔ ممتاز شخصیات کی جوتے چوری کی خبر لاہور چیمبر میں موضوع بحث رہی جس سے ماحول کشت زعفران بنا رہا ۔