نیشنل ہاکی چیمپئن شپ ، کھلاڑی گیند کی بجائے ہاکیاں لیکر ایک دوسرے پر ٹوٹ پڑے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 9 جنوری 2016 15:57

نیشنل ہاکی چیمپئن شپ ، کھلاڑی گیند کی بجائے ہاکیاں لیکر ایک دوسرے پر ..

کراچی (اردو پوا ئنٹ تازہ ترین اخبار9جنوری- 2016ء) 62نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں نیشنل بینک کے کھلاڑیوں کو پی آئی اے کے ہاتھوں ہار برداشت نہ ہو ئی اور این بی پی کے کھلاڑی نے ہاکی مار کر قومی ایئر لائن کے پلیئر کو زخمی کردیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں جاری 62ویں نیشنل ہاکی چیمپئن شپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی آئی اے ) اور نیشنل بینک کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں ، دونوں ٹیموں نے اچھے کھیل کیا مظاہرہ کیا ، پی آئی اے نے پہلا گول کرکے میچ میں برتری حاصل کی جس کے بعد دونوں ٹیمو ں کی جانب سے جارحانہ کھیل دیکھنے میں آیا اور اس دوران نیشنل بینک کے ایک کھلاڑی نے پی آئی اے کے پلیئر کو ہاتھ پر ہاکی دے ماری لیکن خوش قسمتی سے انہیں زیادہ چوٹ نہ آئی ، میچ کے بعد جب فاتح پی آئی اے ٹیم ہاتھ ملانے کے لیے نیشنل بینک کے کھلاڑیوں کی جانب گئی تو ہار کے بعد غصے کے مارے نیشنل بینک کے محمد عمران نے اپنی ہاکی پی آئی اے کے محمد اختر کو دے ماری جس سے ان کا سر پھٹ گیا ، اس موقع پر دونوں ٹیموں کے کئی کھلاڑی آپس میں گتھم گتھا ہوئے جنہیں مشکل سے الگ کروایا گیا ،اسی دوران دونوں ٹیموں کی ٹیم مینجمنٹ بھی میدان میں کود پڑی اور ایک دوسرے پر تھپڑوں اور گالیوں کی بارش کرنے کے ساتھ ساتھ مخالف ڈپارٹمنٹ کے خلاف نعرے بھی لگائے ۔

(جاری ہے)

ایونٹ کی انتظامیہ نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور ٹیم مینجمنٹ کو گراؤنڈ سے نکال دیا جس کے بعد اب وہاں دوسرا سیمی فائنل جاری ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز سینئر کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو ہر حال میں سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کر نا چاہیے ، میچ آفیشلز نے واقعے کی وڈیو منگوا لی ہے جسے دیکھنے کے بعد ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

نیشنل ہاکی چیمپئن شپ ، کھلاڑی گیند کی بجائے ہاکیاں لیکر ایک دوسرے پر ..