لاہور چیمبر کا چھ روزہ پروگرام ” سرٹیفکیٹ اِن ایکسپورٹ مینجمنٹ“ انتہائی کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر

ہفتہ 9 جنوری 2016 16:31

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 09 جنوری۔2015ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا چھ روزہ پروگرام ” سرٹیفکیٹ اِن ایکسپورٹ مینجمنٹ“ انتہائی کامیابی کے ساتھ ختم ہوگیا، 100سے زائد افراد نے اس ٹریننگ پروگرام میں شرکت کی اور برآمدی شعبے میں قدم رکھنے کے لیے ماہرین کے وسیع تجربے اور مہارت سے استفادہ کیا۔ لاہور چیمبر کے اس قدم کا مقصد نوجوان تاجروں کو برآمدات کے لیے بہترین مہارت سے آراستہ کرنا تھا، لاہور چیمبر اس سے قبل بھی اس نوعیت کا پروگرام منعقد کرواچکا ہے۔

لاہور چیمبر کے اس چھ روزہ ایکسپورٹ مینجمنٹ پروگرام کے مختلف سیشنز سے پرویز ملک، سیدہ شہربانوکاظمی، محمد ماجد طفیل، فرقان اللہ صابر، زینب محمود خواجہ، فرقان حنیف اور فرقان منیر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

لاہور چیمبر کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے کہا کہ لاہور چیمبر کے پروگرام سرٹیفیکیٹ ان ایکسپور ٹ مینجمنٹ کا بنیادی مقصد نوجوان تاجروں کو برآمدی شعبے میں قدم رکھنے کی ترغیب دینا اور برآمدات و عالمی تجارت سے متعلق قواعد و ضوابط کے متعلق معلومات فراہم کرنا تھا تاکہ وہ ملکی برآمدات کو بڑھانے میں اپنا خاطر خواہ کردار ادا کرسکیں۔

پروگرام کے کوآرڈینیٹرز فرقان حنیف، فرقان منیر اور بشارت خان نے لاہور چیمبر کی کاوش کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ برآمدات کا موجودہ حجم پاکستان میں موجود پوٹینشل کی عکاسی نہیں کرتا لہذا نوجوان تاجروں کو آگے آکر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایسے پروگرامز باقاعدگی سے منعقد کرواتا رہا ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

انہوں نے پروگرام کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ برآمدات کے فروغ کے لیے سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت کام کریں، ویلیوایڈیشن، جدید ٹیکنالوجی اور تحقیق و ترقی کے ذریعے مطلوبہ اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے آجر و اجیر اور کاروباری اداروں کے درمیان اعتماد سازی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا کہ وہ ملک کی ساکھ بہتر بنانے کے لیے بھی کردار ادا کریں ۔ آخر میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے شرکاء میں سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :