لاہور سٹاک ایکسچینج کے ٹی آر ای سرٹیفکیٹ ہولڈرز باقاعدہ طور پر پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں شامل

ٹریڈنگ رائٹ کے بعد 11جنوری کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے آغاز کے ساتھ ممبران نئی ایکس چینج میں ٹریڈنگ کر سکیں گے

ہفتہ 9 جنوری 2016 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 جنوری۔2016ء ) پاکستان سٹاک ایکس چینج کے تاریخی افتتاح سے قبل سابقہ لاہور اسٹاک ایکس چینج کے ٹریڈنگ رائٹ انٹائٹل سرٹیفیکیٹ ہولڈرز کو با قاعدہ طور پر پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں شامل کر لیا گیا ہے۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین جناب ظفر حجازی ، چیئرمین پاکستان اسٹاک ایکس چینج اور ایل ایس ای کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ایک پر وقات تقریب میں ایل ایس ای کے ٹی آر ای ہولڈرز میں پاکستان اسٹاک ایکس چینج کی ممبر شپ کے سر ٹیفیکیٹ تقسیم کیے ۔

پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ٹریڈنگ رائٹ حاصل ہونے کے بعد ۱۱ جنوری کو پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے آغاز کے ساتھ ہی یہ ممبران نئی ایکس چینج میں ٹریڈنگ کر سکیں گے۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کے چیئر مین ظفر حجازی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے قیام کے لئے ایل ایس ای کے ممبران کی جانب سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔

(جاری ہے)

انہون نے کہا کہ گیارہ جنوری سے جنوری پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا آغاز کر دیا جائے گاجو کہ ایک تاریخی اقدام ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی اسٹریٹجک سرمایہ کار جنہوں نے اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی تھی، انہیں بھی اس تقریب میں مدعو کی گیا ہے۔ ظفر حجازی نے کہا کہ اسٹاک مارکیٹوں کے انضمام سے مارکیٹ مستحکم ہو گی ، ٹریڈنگ کا حجم بڑھے گا اور سرمایہ کاروں کے لئے نئے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بہتر انداز سے ریگولیٹ کرنے کے لئے مکمل طور پر نیا ریگولیٹری فریم ورک اور قوائد و ضوابط لاگو کئے جا رہے ہیں جن میں سرمایہ کاروں کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دی گئی ہے۔

ایس ای سی پی کی ٹیم نے ایل ایس ای کے سابق ٹی آر ای ہولڈرز کو نٗی اسٹاک ایکس چینج میں ٹریڈنگ سے متعلق بریفنگ دی اور دیگر تکنیکی معاملات سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایل ایس ای کے ٹی آر ای ہولڈرز نے پی ایس ایکس کی ممبر شپ دینے پر چیئر مین سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اسٹاک ایکس چینج کے قیام کے لئے ایس ای سی پی کی کوششوں کو سراہا۔