پاک بھارت تعلقات کی بہتری کیلئے حق میں ہیں، ملی مجلس شرعی

بھارت الزامات کا انداز ختم کرے اور پٹھان کوٹ واقعہ کو پاکستان کے ساتھ نہ جوڑے،مفتی محمد خان قادری و دیگر کا مشترکہ بیان

اتوار 10 جنوری 2016 15:47

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔10 جنوری۔2016ء) ملی مجلس شرعی نے کہا ہے کہ پا کستان انڈیا کے تعلقات کی بہتری کے حق میں ہیں لیکن بھارت پا کستان پر الزامات کا انداز ختم کرے اور ہر ہونے والے واقعہ کو پا کستان کے ساتھ نہ جوڑ ے، الزام تو لگا دیا جاتا ہے لیکن اس الزام کا کو ئی ثبوت نہیں پیش کئے جاتے یہی بات پا کستان اور انڈیا کے درمیان بہتر تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے،تعلقات کو آگے بڑھانے کے لئے مسئلہ کشمیر سرفہرست ہونا چاہیے، عالمی استعمار مسلم ممالک کو اپس میں لڑانا چاہتے ہیں اس حوالے سعودی عرب اور ایران کو بہت زیادہ غور و خوض کرناچاہیے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز ملی مجلس شرعی کے دفتر میں مرکزی صدر مفتی محمد خان قادری،سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد امین، حافظ عاکف سعید،قاری خلیل الرحمن قادری،علامہ محمود احمد قصوری، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ،قاری یعقوب شیخ،جے یو آئی (س) کے قاری اعظم حسین مجلس رابطة العلماء کے مولانا عبدالرب امجدسمیت دیگر رہنماوٴں نے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رہنماوٴں نے مزید کہا کہ پا کستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر بنا دو قومی نظریے میں اسلام اور قر آن کا نظام اصل بنیاد ہے، نظام مصطفی ﷺ کے عدم نفاذ کے باعث وطن عزیز کو آج بہت سے مسائل کا سامناہے اور ملک بحرانوں کی طرف بڑھتا ہی جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ سے ہی عوام کو امن بھی ملے گا اور عوام کو سستا انصاف بھی ملے گا اور ملک سے غربت کا خاتمہ بھی ہو گا انہوں نے کہا کہ آج پا کستان کی قوم سستے انصاف کے لیئے ترس رہی ہے اس طرح پا کستانی قوم امن کے قیام اور غربت کے خاتمہ چا ہتی ہے۔