مخدوم فیصل صالح حیات کا جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کا مطالبہ

ملک کو دہشت گردی اور بے یقینی کی صورت حال سے نکالنے کیلئے یہ اقدام ضروری ہے ‘ آپریشن صرف کراچی تک محدود نہیں رہنا چاہئے پنجاب میں بھی دہشت گردوں اور کرپٹ افراد کیخلاف آپریشن جلد شروع کیا جائے

اتوار 10 جنوری 2016 16:28

مخدوم فیصل صالح حیات کا جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کا مطالبہ

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 جنوری۔2016ء) سابق وزیر داخلہ مخدوم فیصل صالح حیات نے وفاقی حکومت سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی مدت ملازمت میں توسیع کا فوری اعلان کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کو دہشت گردی اور بے یقینی کی صورت حال سے نکالنے کیلئے یہ اقدام ضروری ہے ‘ آپریشن صرف کراچی تک محدود نہیں رہنا چاہئے پنجاب میں بھی دہشت گردوں اور کرپٹ افراد کیخلاف آپریشن جلد شروع کیا جائے۔

اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل صالح حیات نے کہا کہ حکومت آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کرنے کا فوری اعلان کرے تاکہ ملک سے غیر یقینی کی صورت حال کا خاتمہ ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف ملک اور قوم کی ضرورت ہیں ان کے دور میں ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کا خاتمہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

فیصل صالح حیات نے کہا کہ کراچی طرز پر پنجاب میں بھی انتہا پسندوں اور شرپسندوں کے خلاف آپریشن جلد شروع کیا جائے۔

ملک میں کرپشن عام ہے اور تھانے برائے فروخت ہیں۔پنجاب میں شوگر مافیا کسانوں کو گنا کی قیمت ادا کرنے سے انکاری ہے۔ حکومت اس کا نوٹس لے انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن جاری رہنا چاہئے۔ آپریشن سے کراچی اور سندھ میں امن قائم ہوا ہے کراچی آپریشن کے خلاف کرپٹ مافیا احتجاج کرنے میں مصروف ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نیشنل ایکشن پلان پر اس کی روح کے مطابق عمل کرے اور چودھری نثار سیاسی مصلحتوں کا شکار ہر گز نہ ہوں۔