بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ عوامی پریشانی کا باعث اور غلط منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے‘سید بلال شیرازی

انتخابات سے قبل 6ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا نعرہ اوراب2017میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا اعلان کبھی پورا نہ ہوگا‘صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ

اتوار 10 جنوری 2016 16:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جنوری۔2016ء ) مسلم لیگ یوتھ ونگ کے مرکزی صدر سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا ہے کہ بجلی و گیس کی بڑھتی ہوئی لوڈ شیڈنگ عوامی پریشانی کا باعث اور غلط منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ کے بعد گیس کی لوڈ شیڈنگ نے گھروں کے چولہے بند کردیئے ہیں اورسکول جانے والے بچوں سمیت عوام ناشتہ کیے بغیر ہی اپنے کاموں پر جانے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ بروقت پائیہ تکمیل نہ پہنچانے کے باعث گیس بحران شدید سے شدید تر ہورہا ہے ۔سید بلال مصطفی شیرازی نے کہا کہ انتخابات سے قبل 6ماہ میں لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کا نعرہ اور اب 2017ء میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کا اعلان کبھی پورا نہیں ہوگا ۔حکومت انٹرنیشل انرجی کمیشن کی رپورٹ کو سنجیدگی سے لے جس کے مطابق آنے والے سالوں میں بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ کے مقابلہ میں بجلی کی پیداوار کم ہونے سے پاکستان میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ناممکن ہے ۔

(جاری ہے)

وزیر پانی و بجلی نے سچ کہا ہے کہ بجلی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کے پیش نظر2018میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ممکن نہیں ۔حکومت یہ کڑوا سچ برداشت کرے اور توانائی بحران کے خاتمہ کے لیے فی الفور بڑے آبی ذخائر جن میں کالا باغ ڈیم بھی شامل ہے پر فوری کام کا آغاز کرے تاکہ آنے والے سالوں میں ان منصوبوں کی تکمیل سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ سے لوڈ شیڈنگ میں کمی واقع ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :