ورکنگ وویمن کیلئے پنک سکوٹی انقلابی اقدام ہے‘ ’’وویمن آن وہیلز‘‘ سیمینار

خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع حکومت کی ذمہ داری ہے، مفید قانون سازی جاری رکھیں گے، عالمی یوم خواتین پرامدادی قیمت پر ایک ہزار سکوٹی فراہم کریں گے، تھانے میں وویمن ڈیسک قائم ہوگا‘حمیدہ وحیدالدین،ذکیہ شاہنوازاور سی سی پی لاہور سمیت دیگرکاسیمینار سے خطاب

اتوار 10 جنوری 2016 17:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جنوری۔2016ء ) صوبائی وزیر بہبود آبادی ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ خواتین کو ترقی کے مساوی مواقع فراہم کرنا حکومت پنجاب کی ذمہ داری ہے، وویمن اینڈ وہیلز پراجیکٹ کو کامیاب بنانے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیاجائے گا، حکومت خواتین کو بااختیار اور خودمختار بنانے کیلئے مفیدقانون سازی کا عمل جاری رکھے گی۔

سپیشل مانیٹرنگ یونٹ وزیراعلیٰ ہاؤس (لاء اینڈ آرڈر) کے زیراہتمام الحمراء ہال میں ’’وویمن آن وہیلز‘‘ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر وویمن ڈویلپمنٹ حمیدہ وحیدالدین نے کہاکہ ورکنگ وویمن کیلئے پنک سکوٹی کی فراہمی انقلابی اقدام ہے۔حکومت عالمی یوم خواتین پر ایک ہزار سکوٹیزکی فراہمی پر سبسڈی دے گی۔

(جاری ہے)

ملازم پیشہ خواتین کوہراساں کرنے کے خلاف حکومت کے خاطرخواہ اقدامات کی وجہ سے بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

صوبائی وزیر نے بتایاکہ پنجاب میں ہر تھانے میں وویمن ڈیسک قائم کیاجا رہا ہے۔رکن قومی اسمبلی مائزہ حمید نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے والے بیمار ذہن افراد کا معاشرتی بائیکاٹ کیاجائے۔ پردہ پوش خواتین کو بھی معاشرے میں ترقی اور تعلیم کے مساوی حقوق حاصل ہیں۔ سی سی پی او لاہور امین وینس نے کہاکہ لاہور پولیس موٹرسائیکل سوار خواتین کو ہرممکن تحفظ فراہم کرے گی۔

خواتین کو پولیس ہیلپ لائن 15پر کال کے بعد پانچ منٹ کے اندر پولیس سکیورٹی میسر ہوگی۔ خواتین کسی بھی ناگہانی صورت میں 8330پر ایس ایم ایس کرکے بھی مدد طلب کر سکتی ہیں۔اقوام متحدہ کے وویمن کنٹری ہیڈ جمشید قاضی نے کہاکہ دنیابھر میں خواتین کو مساوی ترقی کے مواقع فراہم کرنے کے خاطرخواہ نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ پاکستانی خواتین کو مردوں کے برعکس ٹرانسپورٹ کی سہولت کیلئے زیادہ خرچ کرنا پڑتا ہے۔

ڈبلیو او ڈبلیو پراجیکٹ کے ذریعے خواتین نہ صرف آمدورفت کی سہولت بلکہ اخراجات میں کمی کی سہولت حاصل کرسکیں گی۔معروف قانون دان عاصمہ جہانگیر نے حکومت پنجاب اور ایس ایم یو کو ڈبلیو او ڈبلیو پراجیکٹ پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ آپ وہ موقع حاصل کر رہے ہیں جو ہم کھو چکے تھے۔ حقوق کیلئے عورت کی آواز کو بلند سے بلند تر ہونا چاہیے۔سپیشل مانیٹرنگ یونٹ لاء اینڈ آرڈر کے سینئر ممبر سلمان صوفی نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ حکومت پنجاب ملازم پیشہ خواتین اور طالبات کیلئے ٹرانسپورٹ کی آسان ترین سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے جس کا عملی فائدہ عوام کو حاصل ہوگا۔

پنجاب بالخصوص لاہور تبدیلی کی طرف گامزن ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کے سدباب کیلئے پنجاب وویمن پروٹیکشن بل کا نفاذ اہم کردار ادا کرے گا۔منیبہ مزاری نے بتایاکہ خوداعتماد ی سے کام کرنے والی خواتین کو لوگ ہراساں کرنے کی جرأت نہیں رکھتے۔ یہ حقیقی پاکستان ہے جہاں مردو خواتین کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔

آسٹریاکی سفیر ڈاکٹر برگیٹا بلاحہ نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی خواتین کیلئے سہولتوں اور مواقع کی فراہمی قابل تحسین اقدام ہے۔ گذشتہ ادوار کی نسبت موجودہ وقت میں پاکستانی خاتون خود کو بہتر اور محفوظ تصور کرتی ہے۔ امریکن قونصل جنرل لاہور زیچرے ہارکن رائیڈر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موٹرسائیکل سوار خواتین کی ریلی کا تاریخی موقع دیکھنے کیلئے موجودگی ایک اعزاز ہے۔

یہ موقع محض موٹرسائیکل سواری نہیں۔ امریکی ادارے پاکستانی عوام کو تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں میں بہتری کیلئے معاونت فراہم کر رہے ہیں۔ محترمہ مریم نواز شریف اور مسز اوبامہ کی ملاقات کا مقصد تعلیم کے شعبے میں باہمی اشتراک کا فروغ تھا۔ ڈنمارک کی سفیر ہیلی نیلسن نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترقی یافتہ معاشرے میں خواتین کو ہراساں کرنا قابل برداشت نہیں ہے۔ تقریب کے آخر میں صوبائی وزراء ، غیرملکی مہمانوں اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے موٹر سائیکل سواری کیلئے ٹریننگ دینے والے ٹریفک وارڈن اور ٹریننگ حاصل کرنے والے خواتین میں توصیفی سر ٹیفکیٹ تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :