پیف نے نئے سکول پارٹنرز کی تربیتی ورکشاپس کے شیڈول کا اعلان کردیا

اتوار 10 جنوری 2016 17:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔10 جنوری۔2016ء ) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے مفت تعلیم کے منصوبہ ایجوکیشن ووچر سکیم میں توسیع کے 15ویں مرحلہ میں پارٹنر شپ کرنے والے سکول مالکان کی سہولت کے لئے سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم کو چلانے کے تربیتی پروگرام کے شیڈول کا اعلان کر دیاہے-پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ترجمان کے مطابق بہاولپور، رحیم یارخان، ملتان، ڈیرہ غازی خان، لودھراں ،راجن پور ، خانیوال او رمظفر گڑھ کے سکول پارٹنرز کی تربیتی ورکشاپ 18تا 22جنوری کو ریجنل آفس ملتان میں منعقد ہوگی جبکہ فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ ،شیخوپورہ، وہاڑی، بہاولنگر،جھنگ اور خوشاب کے اضلاع کے سکول پارٹنرز کے لئے چلڈرن لائبریری کمپلیکس لاہو رمیں 20تا 21جنوری کو تربیتی ورکشاپ منعقد ہوگی-ترجمان کے مطابق اس تربیتی پروگرام کا مقصد سکول پارٹنرز کو سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم کو آپریٹ کرنے کی تربیت دیناہے-واضح رہے کہ پیف نے اپنے 18لاکھ طالب علموں کا مکمل ڈیٹا جدید ترین کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے محفوظ رکھنے کے لئے سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم ڈیزائن کیا ہے ،اس نظام کی بدولت شفافیت اور میرٹ کو برقراررکھنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کی تعلیمی منصوبہ بندی میں بھی مدد ملی ہے-