افضل گورو کے بیٹے نے کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیئے،میٹرک میں اے ون گریڈحاصل کرلیا

پیر 11 جنوری 2016 12:13

افضل گورو کے بیٹے نے کامیابی کے جھنڈے گاڑھ دیئے،میٹرک میں اے ون گریڈحاصل ..

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جنوری۔2016ء)بھارت میں عدالتی قتل کا نشانہ بننے والے کشمیری رہنما افضل گورو کے بیٹے غالب نے کامیابی کا پرچم لہرایا، دسویں جماعت میں 500میں سے474نمبر حاصل کرکے جموں وکشمیر بورڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔تفصیلات کے مطابق افضل گورو کے بیٹے غالب گورو نے دسویں جماعت یعنی میٹرک کے امتحانات میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، غالب گورو نے جموں کشمیر بورڈ کے امتحان میں 500 میں سے 474 نمبر حاصل کیے جو کہ 94.8 فی صد بنتے ہیں۔

امتحانی نتائج کے مطابق غالب گورو کو تمام پانچ موضوعات میں ’اے ون‘ گریڈ ملے ہیں۔غالب کے والد افضل گورو کو بھارتی پارلیمان پر حملے کا مجرم قرار دیا گیا تھا اور اس جرم کے لیے انھیں 9 فروری 2013 کو پھانسی دے دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

سوشل میڈیا پر اس بات کی تعریف کی جا رہی ہے کہ غالب گورو نے مشکل حالات کے باوجود دل جمعی کے ساتھ تعلیم حاصل کی اور اچھے نمبر حاصل کیے۔

حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کے نام والے ٹوئٹر ہینڈل سے میٹرک میں کامیاب ہونے والے تمام بچوں کو مبارک باد دی گئی ہے۔انھوں نے لکھا کہ’میٹرک کے امتحانات میں جنھوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے انھیں مبارک باد، بطور خاص شہید افضل گورو کے بیٹے غالب کے لیے جنھوں نے 94 فی صد نمبر حاصل کیے۔ انھیں ابھی بہت آگے جانا ہے۔