آم کے باغات کو شدید کورے اور سردی سے بچانے کے لئے باغبان موسمی پیش گوئی پر نظر رکھیں،محکمہ زراعت

پیر 11 جنوری 2016 14:15

لاہور ۔11 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 جنوری۔2016ء) آم کے باغات کو شدید کورے اور سردی سے بچانے کے لئے باغبان موسمی پیش گوئی پر نظر رکھیں اور بروقت حفاظتی اقدامات کریں ۔زرعی ماہرین نے بتایاکہ کمزور پودوں پر کورے کے اثرات بھی زیادہ پڑتے ہیں اس لئے پودوں کی غذائی ضروریات کا خاص خیال رکھیں تاکہ پودے تندرست و توانا رہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے بتایاکہ آم کے پودوں کی بڑھوتری کیلئے موزوں ترین درجہء حرارت 10ڈگری سینٹی گریڈ سے37ڈگری سینٹی گریڈ تک ہے انہوں نے کہاکہ جب رات کو کورا پڑنے لگے تو باغات میں دھواں کریں تاکہ کورے کا اثر کم سے کم ہو۔کورے والی راتوں میں آبپاشی کریں۔ آبپاشی کردینے سے زمین کا درجہ حرارت بڑھ جاتا ہے۔یوں ان پودوں کو محفوظ رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسری میں آم کے پودوں کو شیشم وغیرہ کی شاخوں کے ساتھ اس طرح ڈھانپ دیں کہ پودوں پر دن کے وقت سورج کی روشنی بھی پڑتی رہے جبکہ آم کی نرسری کو کورے سے بچانے کے لیے پلاسٹک سے بھی ڈھانپا جا سکتا ہے ۔