چیف سیکرٹری کی ڈینگی سے نمٹنے کیلئے تیاریاں پیشگی مکمل کرنے کی ہدایت

ڈینگی کے مکمل خاتمے کیلئے محنت اور جذبے سے کام کرنا ہوگا، اجلاس سے خطاب

Umer Jamshaid عمر جمشید پیر 11 جنوری 2016 15:18

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 11 جنوری۔2015ء) چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے ہدایت کی ہے کہ ڈینگی سے نمٹنے کیلئے تمام تیاریاں پیشگی مکمل کر لی جائیں۔انسداد ڈینگی کے حوالے سے جاری ہدایات پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایاجائے اور ویکٹر سرویلنس اور دیگر سرگرمیوں کو بھرپور طریقے سے جاری رکھا جائے۔وہ سول سیکرٹریٹ میں انسداد ڈینگی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ ڈینگی کے خاتمے کیلئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔بہتر منصوبہ بندی اور مربوط کوششوں سے اس مرض پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کیلئے محنت اور جذبے سے کام کرناہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ڈینگی پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

انسداد ڈینگی کے حوالے سے عوام میں آگاہی کو بڑھایا جائے اور اس سلسلے میں تمام محکمے فعال کردار ادا کریں۔

چیف سیکرٹری نے راولپنڈی اور ملتان کے ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ گذشتہ برس کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈینگی سے نمٹنے کیلئے بہتر حکمت عملی اختیار کی جائے اور صورتحال کی ابھی سے مانیٹرنگ کی جائے۔ انہوں نے انسداد ڈینگی کے حوالے سے ڈی سی او لاہور کی کارکردگی کی تعریف بھی کی۔ سپیشل سیکرٹری صحت علی جان نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی ۔اجلاس میں مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ، سیکرٹری بلدیات خالد مسعود چوہدری، سیکرٹری صحت نجم احمد شاہ، ڈینگی ماہرین ڈاکٹر فیصل مسعود، ڈاکٹر وسیم اکرم اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :