بھٹو خاندان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں،مخدوم سید احمد محمود

پیر 11 جنوری 2016 16:43

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جنوری۔2016ء) پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدرو سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ بھٹو خاندان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔ بینظیر بھٹو نے ملک میں خوشحالی کے جو خواب دیکھے تھے ۔ بلاول بھٹو انکو پایا تکمیل تک پہنچانے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 88ویں سالگرہ کے حوالے سے منعقد ایک تقریب کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی جبکہ اس موقع پر پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین، پیپلز لیبر بیورو پنجاب کے سیکرٹری اطلاعات محمد سلیم مغل سمیت مختلف اداروں کی ٹریڈ یونیز سے وابستہ مزدور رہنماء اور پارٹی کے دیگر عہدیداران کے علاوہ پارٹی کارکنوں کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوریت کو مضبوط کرنا چاہتی ہے لیکن موجودہ حکومت کی انتقامی اور بدنیتی پر مبنی پالیسیوں کے باعث صوبوں اور وفاق میں بداعتمادی بڑھ رہی ہے۔ عبدالقادر شاہین نے کہا کہ جب تک ادارے اپنی حدود میں رہیں گے مسائل پیدا نہیں ہونگے۔ رینجرز نے امن قائم کیا ہے تاہم اس کو دیئے گئے اختیارات سندھ اسمبلی سے زیادہ نہیں ہوسکتے۔

نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ ہونا وفاق کی ناکافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت داعش حکومت کیخلاف بھی کارروائی کرے۔ ماڈل ٹاؤن لاہور کے واقعہ سمیت جو بھی سنگین دہشتگردی کے واقعات ہیں ان کو فوجی عدالتوں میں چلایا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں نے غریبوں کو زندہ درگور کردیا ہے۔ معاشی تنگ دستی اور بدترین مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کا آئے دن خودکشیاں کرنا شریف برادران کے منہ پر طمانچہ ہے۔ 2018ء کے انتخابات میں پیپلز پارٹی پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریگی۔ سابق صدر رواں سال واپس آجائیں گے۔