ہنڈی کاکاروبار اپنے عروج پر پہنچ چکا حکومت روک تھام کیلئے کچھ نہیں کررہی ‘میاں مقصود احمد

سوئٹزرلینڈ کے بنکوں میں پاکستانیوں کے200ارب ڈالرغیرقانونی پڑے ہیں‘امیرجماعت اسلامی پنجاب

پیر 11 جنوری 2016 18:19

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء ) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے میڈیا کی رپورٹس جن میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ’’ہرسال15ارب ڈالر ہنڈی کے ذریعے بیرون ممالک مقیم پاکستانی اندرون ملک بھجواتے ہیں‘‘پرتشویش کااظہارکرتے ہوئے اسے حکومتی کمزور معاشی پالیسیوں کا نتیجہ قرار دیا ہے،گزشتہ5برسوں میں 2کھرب91ارب17کروڑڈالربیرون ممالک منتقل کیے گئے،2011میں49ارب20کروڑ30لاکھ ڈالر،2012میں54ارب73کروڑ90لاکھ ڈالر،2013میں54ارب19کروڑ60لاکھ ڈالر،2014میں63ارب81کروڑ90لاکھ ڈالر،2015میں سب سے زیادہ زرمبادلہ 64ارب22کروڑ ڈالر باہر منتقل ہوئے۔

انہوں نے کہاکہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم اس بات کاثبوت ہے کہ وزارت خزانہ اپنی تمام ترکوششوں کے باوجود ٹیکس نیٹ بڑھانے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے جبکہ ان ٹیکسوں کابوجھ غریب عوام پر بڑھادیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہی وجہ ہے کہ ہنڈی کاکاروبار عروج پر پہنچ چکا ہے جبکہ حکومت اس کی روک تھام کے لئے کچھ نہیں کررہی۔ انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے غیر قانونی طریقے سے رقوم باہر سے اندرون ملک بھجوانے کے ساتھ ساتھ اندرون ملک سے غیر قانونی طور پر اربوں ڈالر سالانہ ہنڈی کے ذریعے ملک سے باہر بھجوائے جارہے ہیں جوکہ لمحہ فکریہ ہے۔

پاکستان کی چین سے ظاہر شدہ امپورٹ تقریباً سالانہ7ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے جبکہ معاشی ماہرین کے مطابق چین سے پاکستانی امپورٹ دراصل 10ارب ڈالر سے زائد ہے۔کسٹم ڈیوٹی بچانے کے لئے اشیاء کی قیمتیں کم ظاہر کرکے قومی خزانے کواربوں ڈالر کانقصان پہنچایا جارہا ہے۔میاں مقصود احمد نے اس حوالے سے مزیدکہاکہ کرپشن،ٹیکس چوری اور دیگر غیر قانونی طریقے سے کمائے گئے کالے دھن کوباہر بھجوانے کاسلسلہ ماضی کے مقابلے میں زور پکڑ چکا ہے۔

1970سے2006کے دوران338پاکستانیوں نے اپنے648اکاؤنٹس میں100ارب ڈالر سے زائد کاکالادھن سوئٹزرلینڈ منتقل کیا جبکہ آج 200ارب ڈالر سے زائد جمع ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت اس حوالے سے ’’زیروٹولیرنس‘‘کامظاہرہ کرے۔ملکی اقتصادی نظام،انتظامی وریاستی اداروں میں’’چیک اینڈ بیلنس‘‘ اور مالیاتی اداروں کی شفافیت کویقینی ،متعلقہ اداروں کے سربراہان ایمانداراورمیرٹ پرلگا کرہنڈی جیسے غیرقانونی کاروبار کونہ صرف ختم کیاجاسکتا ہے بلکہ دیگر معاشی خرابیوں سے بھی بچاجاسکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :