خدمت کارڈز سے خصوصی افراد میں خوداعتمادی آئے گی ،فوزیہ مبشر

خصوصی افراد کوان کے بنیادی حقوق ان کی دہلیز پرپہنچا نے کاوقت آگیا،لیگی رہنماء

پیر 11 جنوری 2016 19:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جنوری۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ممتازرہنمابیگم فوزیہ مبشر نے کہا ہے کہ خدمت کارڈ زسے خصوصی افرادمیں خوداعتماد ی آئے گی ۔خصوصی افراد کی خواہشات اور ضروریات سے چشم پوشی نہیں کی جاسکتی۔وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف کا خدمت کارڈنویدانقلاب ہے۔خصوصی افراد کوان کے بنیادی حقوق ان کی دہلیز پرپہنچانے کاوقت آگیا۔

خصوصی افرادکی زندگی سہل بنانے کیلئے انہیں خصوصی خدمت کارڈزجاری کرناسیاست نہیں عبادت ہے۔اِن خصوصی کارڈزپرانہیں ہرسطح پر خاطرخواہ رعایت اورسہولت ملے گی ، یہ ان کاحق اورریاست کافرض ہے ۔انہیں اذیت اوروقت کے ضیاع سے بچانے کیلئے قطاروں سے استثنیٰ بھی دیاجائے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے ایک عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

بیگم فوزیہ مبشر نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کے مسائل سے چشم پوشی نے ان کے اندراحساس محرومی پیداکردیاتھامگر مسلم لیگ (ن) کی مدبرومخلص قیادت نے ان کاہاتھ تھام لیا ہے۔

مناسب اصلاحات،محنت اورشفقت سے خصوصی افرادکومعاشرے کومفیدشہری بنایاجاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کیلئے ایک موثرقومی پالیسی بنانے کی اشدضرورت ہے۔ خصوصی افراد انتہائی حساس ہوتے ہیں ،انہیں ہماری طرف سے صلہ رحمی کی اشد ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افرادکااعتمادبحال کرنے کیلئے انہیں گھروں اوردفتروں کے اندر ہونیوالی گفتگواورمشاورت میں شریک کیا جائے ۔ریاستی سطح پرخصوصی افراد کی فلاح وبہبودکیلئے کئے جانیوالے اقدامات تسلی بخش ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے قومی وسائل کارخ خصوصی افراداورعام آدمی کی طرف موڑدیاہے۔