رائے ونڈ،سند ر روڈ پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

رواں ہفتے بھاری مشینری اور پولیس نفری کے ساتھ آپریشن کلین اپ ہوگا ،فہرستیں تیار ،بلڈنگ مالکان کو نوٹس جاری

پیر 11 جنوری 2016 20:31

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔11 جنوری۔2016ء) سند ر روڈ پر غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشن کا فیصلہ ۔رواں ہفتے بھاری مشینری اور پولیس نفری کے ساتھ آپریشن کلین اپ ہوگا ۔فہرستیں تیار ۔بلڈنگ مالکان کو نوٹس جاری ۔تفصیلات کے مطابق رائے ونڈسند ر روڈ پر 150سے زائد غیر قانونی کمرشل عمارتوں کی تصاویر اور سروے کاکام مکمل ہو چکا ہے، ٹی ایم اے افسران نے اپنی ٹیم کے ذریعے تمام کوائف اکھٹے کر لئے ہیں اور سند ر روڈ کی ابتدائی عمارتوں کو نوٹس جاری کردئیے گئے ہیں ،اسسٹنٹ کمشنر اقبال ٹاؤن علی شہزاد نے کہا ہے کہ رواں ہفتے میں سند ر روڈ کا آپریشن کلین اپ کر دیا جائیگا ،بغیر نقشہ جات اور پارکنگ کی جگہ نہ چھوڑنے والی کمرشل عمارتوں کو مسمار کردیا جائیگا ،مذکورہ غیر قانونی عمارتوں کی تعمیر میں ملوث ٹاؤن افسران کے خلاف بھی کارروائی کا آغاز کیا جارہا ہے جنہوں نے رائے ونڈ تعیناتی کے دوران کثیر المنزلہ غیر قانونی عمارتوں کا بھاری رشوت کے عوض تعمیرات کی اجازت دی۔

(جاری ہے)

2001سے 2015تک کے دورانیے میں تعینات تمام بلڈنگ انسپکٹرز اور انفورسمنٹ انسپکٹر ز کی فہرستیں بھی تیار کر لی گئی ہیں جنہوں نے رائے ونڈ میں سرکاری خزانے میں ٹیکس جمع کروانے کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے اپنی جیبیں گرم کیں۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ سند ر روڈ آپریشن کے بعد وی آئی پی روڈ ،لنک تبلیغی مرکز روڈ ،لاہور روڈ ،ریلوئے روڈ ،کوٹ رادھا کشن روڈ ،للیانی روڈ اور آخری مرحلہ میں مانگا روڈ کا آپریشن کیا جائیگا ان کے مطابق شہر کے بیرونی علاقوں میں تعمیر ہونیوالی کمرشل عمارتوں کی غیر قانونی تعمیر سے حکومت کو اربوں روپے کا ٹیکہ لگ چکا ہے، سرکاری مشینری پوری آب وتاب کیساتھ غیر قانونی عمارتوں کے خلاف کمربستہ ہو چکی ہے، شہر میں بوسیدہ اور غیر قانونی عمارتوں کے خلاف باقاعدہ کارروائی کریں گے ۔

سانحہ سند ر انڈسٹریل اسٹیٹ کے بعد رائے ونڈ شہر میں تعمیر تمام غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے معائنہ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، انسانی جانوں سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ان کے مطابق سند ر روڈ تا تبلیغی اجتماع چوک کے اطراف میں تعمیر ہونیوالی تمام غیر قانونی عمارتوں کے کوائف اکھٹے کرلئے گئے ہیں، ٹاؤن انتظامیہ کو پولیس نفری نہ ملنے کیوجہ سے آپریشن تا خیر کا شکار ہو رہا تھا، رواں ہفتے پولیس نفری ملنے پر آپریشن کلین اپ کردیا جائیگا

متعلقہ عنوان :