اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے چھوٹے کسانوں کے لئے گارنٹی اسکیم خوش آئند ہے ،میاں زاہدحسین

پیر 11 جنوری 2016 21:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر، بزنس مین پینل کے فرسٹ وائس چیئر مین اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے زرعی شعبے کے لئے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے متعارف کی جانے والی چھوٹے کسانوں کیلئے کریڈٹ گارنٹی اسکیم صحیح سمت میں اچھا قدم ہے جوکہ موجودہ وقت کی اہم ضرورت ہے لیکن اس اسکیم کے تحت دی جانے والی رعایت نا کافی ہے جو کہ پوری اسکیم کو ناکام کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا کسان انتہائی غربت کی زندگی گزار رہا ہے اور صدیوں سے غیر دستاویزی قرضوں میں جکڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ کریڈٹ گارنٹی اسکیم کے تحت زرعی قرضوں کو50 فیصد کے بجائے75 فیصد کا تحفظ دیا جائے اور قرض کی حد کو 1 لاکھ روپے سے بڑھا کر 5 لاکھ روپے کردیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا ہے کہ موجودہ اسکیم میں مطلوبہ اقدامات کے اختیار کرنے سے زرعی شعبے کی ترقی میں غیر معمولی اضافہ ہوگا اور غیر دستاویزی قرضوں کی حوصلہ شکنی ہوگی ۔

میاں زاہد حسین نے بتایا کہ پاکستان میں پچھلے سال کپاس کی ریکارڈ پیداوار ہوئی جس نے نہ صرف ٹیکسٹائل سیکٹر کی ضروریات کو پورا کیا بلکہ غیر ملکی زرمبادلہ میں اضافے کا بھی باعث بنا۔انہوں نے مزید کہا کہ جدید طریقہ کار کا استعمال، انفرا اسٹرکچراور زرعی شعبے میں تحقیق کی ترویج سے زرعی شعبے کی ترقی میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا اور یہ شعبہ پاکستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرسکے گا۔