Live Updates

وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے معیشت کی بہتری اورغربت کے خاتمے کی جانب ایک اور مثبت قدم

چھوٹے کاروباری حضرات کو سروسز سیلز ٹیکس میں 2سے10فیصد تک کی خصوصی رعایت محکمہ خزانہ کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن کا اجراء

پیر 11 جنوری 2016 21:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء ) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے چھوٹے کاروباری حضرات کو سروسز سیلز ٹیکس میں 2سے10فیصد تک کی خصوصی رعایت دے دی گئی ہے تاکہ وہ ٹیکس ادا کرکے پوری آزادی کے ساتھ بلاخوف و خطر اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں- امید ہے کہ رعایت پانے والا طبقہ حکومت کی جانب سے اس ریلیف کا خیرمقدم کرتے ہوئے اپنا واجب الادا ٹیکس ادا کرکے اپنا قومی فریضہ سرانجام دے گا-ان خیالات کا اظہار ممبرآپریشنز پنجاب ریونیواتھارٹی رضا منور نے حکومت پنجاب کی جانب سے خصوصی ٹیکس ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے کیا- رضا منور نے میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ 2014-15کے مالی سال کے آغاز پر کئی ایسی سروسز کو ٹیکس نیٹ میں لایا گیا تھا جو ایسے کاروباری افراد کی جانب سے فراہم کی جارہی تھیں جو نہ تو رجسٹرڈ تھے اور نہ ہی ان کا کوئی دستاویزی ثبوت تھا چونکہ انہیں پہلی بار ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جارہا تھاجس پر پنجاب ریونیو اتھارٹی کے ساتھ مسلسل مذاکرات کے دور ان ان کی جانب سے سروسز سیلز ٹیکس میں رعایت کا مطالبہ کیا گیا -ان کے اس مطالبہ کو وزیراعلی تک پہنچایا گیا جنہوں نے ان کاروباری حضرات کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب ریونیواتھارٹی کے سفارش کردہ پیکیج کی نہ صرف منظوری دے دی بلکہ محکمہ خزانہ کی جانب سے اس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، جس کے مطابق لانڈری، آٹوموبائل ڈیلرز، آٹوورکشاپس، تعمیرات سے متعلقہ خدمات ، ٹریول ایجنٹس، چارٹرڈاکاؤنٹنٹ کی سروسز پر 5فیصد تک رعایت دی گئی ہے جبکہ فرنچائز سروسز پر 10فیصد اور ٹیکسٹائل لیدر فراہم کرنے والوں کو 2فیصد تک رعایت دی جارہی ہے-رضا منور نے کہا کہ وزیراعلی کی جانب سے دیئے جانے والے اس خصوصی ٹیکس ریلیف پیکیج کے نتیجہ میں ٹیکس وصولیوں کی شرح میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا- انہوں نے کہا کہ اس سے چھوٹے کاروباری حضرات کو بھی تحفظ ملے گا -

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :