Live Updates

داعش، مودی ملاقات، 34ملکی اتحاد اور ایران سعودی معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے ،وزیرداخلہ سب اچھا ہے کا راگ الاپتے ہیں ، ان آبائی حلقے میں 100سے زائد قتل کے مجرم مفرور ہیں،ایم کیو ایم کراچی کی مافیا ہے تو نواز شریف اور (ن) لیگ پاکستان کی سیاست مافیا ہے

تحریک انصاف رکن قومی اسمبلی کی غلام سرور خان کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 11 جنوری 2016 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جنوری۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف رہنماء غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ چوہدری نثار سب اچھا ہے کا راگ الاپتے ہیں، ان کے اپنے حلقے میں 100سے زائد قتل کے مجرم مفرور ہیں،ایم کیو ایم کراچی کی مافیا ہے تو نواز شریف اور (ن) لیگ پاکستان کی سیاست مافیا ہے، شریف برادران پاکستان کے پلیٹ فارم پر ذاتی دوستیاں پروان چڑھا رہے ہیں، ایسا نہیں ہونے دیں گے، داعش، مودی ملاقات، 34ملکی اتحاد اور ایران سعودی معاملے پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جائے۔

وہ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ داعش پنجاب میں کام کر رہی ہے، کالعدم تنظیموں نے ایک مرتبہ پھر نام تبدیل کر کے کام شروع کر دیا ہے، لال مسجد والوں نے داعش کو دعوت دی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کے اپنے حلقے میں 100سے زائد قتل کے مجرم مفرور ہیں ، وہ کس منہ سے سب اچھا ہے کا الاگ الاپتے ہیں، میں پوچھتا ہوں کہ کہاں گئے قانون نافذ کرنے والے ادارے اور نیشنل ایکشن پلان، وزیر داخلہ کے اپنے حلقے میں غنڈے دندناتے پھر رہے ہیں، ان کے حلقے میں ایک پولنگ اسٹیشن پر میرے آدمی پر فائرنگ کی گئی، اسے لے کر ہسپتال گئے تو وہی مجرموں نے ہسپتال آ کر اسے قتل کر دیا، قتل کا مقدمہ تو درج ہوا لیکن آج تک قاتل پکڑے نہیں گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے عوام کو کچھ نہیں مل رہا، صرف سندھ اور پنجاب کو فائدہ دیا جا رہا ہے، حکومت کو ایسا نہیں کرنے دیں گے، گلگت بلتستان کو گندم پر دی گئی سبسڈی 20ہزار بوری کی تھی، اب 12ہزار دی جا رہی ہے، جی بی میں ایف بی آر کے دفاتر کھول دیئے گئے ہیں، عوام سے ود ہولڈنگ ٹیکس لیا جا رہا ہے، غلام سرور نے کہا کہ (ن) لیگ والے کیسے کہتے ہیں کہ ہمارے خلاف کرپشن کا کوئی کیس نہیں، متعدد دفعہ چیف جسٹس اور آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملک کو چوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، شریف برادران سٹیل مافیا ہیں، سٹیل مافیا پاکستان کا سب سے بڑا سیاسی مافیا ہے۔

ترکی کی البراکہ نامی کرپٹ ترین کمپنی کو میٹرو کے کنٹریکٹ دیئے گئے، مودی بنگلہ دیش جا کر کہتا ہے کہ ہم نے پاکستان کے ٹکڑے گئے، بنگلہ دیش نے پاکستان کا ساتھ دینے والوں کو پھانسی دے دی اور یہ مودی کی دعوتیں کرتے پھر رہے ہیں، پاکستان کے پلیٹ فارم پر ذاتی دوستیاں نہیں پالنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ داعش، مودی مذاکرات ، 34ملکوں کا اتحاد اور ایران سعودی عرب تنازعہ پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلا کر اعتماد میں لیا جائے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات