میسی نے پانچویں مرتبہ بہترین کھلاڑی کے لیے فیفا کا بال آن ڈور ایوارڈ حاصل کر لیا

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 12 جنوری 2016 10:47

میسی نے پانچویں مرتبہ بہترین کھلاڑی کے لیے فیفا کا بال آن ڈور ایوارڈ ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین ۔۔ آئی پی اے ۔۔ 12 جنوری۔2015ء)بارسلونا کلب کے فٹبالر لیونل میسی نے پانچویں مرتبہ بہترین کھلاڑی کے لیے فیفا کا بال آن ڈور ایوارڈ حاصل کر لیا ہے۔28 سالہ میسی کا تعلق ارجنٹائن سے ہے اور انھوں نے یہ ٹائٹل حاصل کرنے کے لیے 41.33 فیصد ووٹ حاصل کیے۔ریئل میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو 27.67 فیصد ووٹ لے کر دوسرے اور بارسلونا کے نیمار 7.86 فیصد ووٹ حاصل کر کے تیسرے نمبر پر رہے۔

(جاری ہے)

خواتین کے زمرے میں امریکہ کی مڈ فیلڈر کارلی لوئیڈ جنھوں نے ورلڈ کپ کے فائنل میں ہیٹ ٹرک کی تھی، انھوں نے بہترین خاتون کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔ 2015 میں میسی نے 61 میچوں میں 52 گول کیے تھے۔ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد اپنے تاثرات میں میسی نے کہا کہ ’میرے لیے دوبارہ اس سٹیج پر آنا انتہائی خاص موقع ہے، کرسٹیانو کو اسے جیتتے دیکھنے کے بعد ایک اور بار بال آن ڈور جیتنا بہت اہم ہے۔خیال رہے کہ گذشتہ سال اور اس سے قبل یہ اعزاز کرسٹیانو رونالڈو کے سر رہا تھا اور اس سے قبل لگاتار چار سال تک لیونل میسی نے یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔