ایران پر لاگو تعزیرات بہت جلد اٹھائی جا سکتی ہیں،یورپی یونین کا اعلان

امریکہ کا بھی جوہری معاہدہ پر ایران کی طر ف سے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار

منگل 12 جنوری 2016 12:31

ایران پر لاگو تعزیرات بہت جلد اٹھائی جا سکتی ہیں،یورپی یونین کا اعلان

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) یورپی یونین کی بیرونی پالیسی کی سربراہ فریڈریکہ مغیرنی نے ایران پر لاگو تعزیرات بہت جلد اٹھانے کا اعلان کیا ہے جبکہ امریکہ نے بھی جوہری معاہدہ پر ایران کی طر ف سے پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔جولائی میں طے ہونے والے ایک کثیر ملکی سمجھوتے کے تحت ایران کو اپنے جوہری پروگرام کے بارے میں متعدد اقدامات لینے ہیں، جس کے بعد متعدد بین الاقوامی تعزیرات اٹھائی جائیں گی۔

اس سنگ میل کے حصول میں کسی تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا۔سمجھوتے کا مقصد ایران کو جوہری ہتھیار تشکیل دینے سے باز رکھنا ہے تاہم اِس میں پْرامن مقاصد کے لیے ملک کی کچھ جوہری ٹیکنالوجی کی اجازت دی گئی ہے۔پراگ میں منعقدہ ایک اخباری کانفرنس میں، مغیرنی نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ خود ساختہ یوم عمل درآمد بہت جلد آسکتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکی وزیر خارجہ جان کیری جو ویانا میں سمجھوتے کو آخری شکل دینے کے لیے ایران، چین اور یورپ کے اپنے ہم منصبوں کے ہمراہ مذاکرات کے آخری دور میں شریک تھے، گذشتہ ہفتہ کہا ہے کہ اگر باقی معاملات خیر و خوبی سے ہوتے ہیں تو عمل درآمد کا کام اب چند ہی روز کا معاملہ ہے۔

دوسری جانب امریکہ نے ایران کی جوہری معاہدہ پر پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور محکمہ خارجہ کے ترجمان جان کربی نے پریس بریفنگ میں سوالوں کے جواب دیتے ہوئے ایران کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار ہے۔