ڈیل سٹین کندھے کی انجری کے باعث انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ سے بھی باہر

منگل 12 جنوری 2016 12:43

ڈیل سٹین کندھے کی انجری کے باعث انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ سے بھی باہر

جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء) جنوبی افریقی فاسٹ باوٴلر ڈیل اسٹین کندھے کی انجری کے سبب انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔ڈیل اسٹین انگلینڈ کے خلاف ڈربن میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں انجری کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث وہ کیپ ٹاوٴن ٹیسٹ بھی نہیں کھیل سکے۔

(جاری ہے)

ان کی انجری سے صحتیابی کے بعد جوہانسبرگ میں جمعرات سے شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں واپسی متوقع تھی اور اسی وجہ سے انہیں سیریز کے آخری دو ٹیسٹ میچوں کیلئے اسکواڈ کا حصہ بھی بنایا گیا تھا لیکن وہ کندھے کی تکلیف سے مکمل طور پر نجات پانے میں ناکام رہے۔

اس انجری کے بعد قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ شاید اسپیڈ اسٹار کا کیریئر اختتام کو پہنچ گیا ہے لیکن کوچ رسل ڈومنگو نے اس تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ میرے خیال میں یہ ان کے کیریئر کا اختتام نہیں ہے، تمام کھلاڑیوں کو اپنے کیریئر میں اس طرح کے اتار چڑھاوٴ اور انجریز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ڈومنگو نے کہا کہ اسٹین ایک بہترین ایتھلیٹ ہے، ہم سب جانتے ہیں کہ وہ دنیا کے بہترین باوٴلر ہیں اور جلد فٹ ہو جائیں گے۔