پاکستان کے پاس ٹی ٹوئنٹی کی ٹاپ پوزیشن پر آنے کا نادر موقع

منگل 12 جنوری 2016 13:14

پاکستان کے پاس ٹی ٹوئنٹی کی ٹاپ پوزیشن پر آنے کا نادر موقع

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔12 جنوری۔2016ء) پاکستان نیوزی لینڈ کی سرزمین پر قدم رکھ چکا ہے اور اس کے سامنے پہلا معرکہ ٹی ٹونٹی کی صورت میں سامنے ہے اور ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے کا نادر موقع بھی لیکن اس کے لیے پاکستان کو نیوزی لینڈ کی ٹیم کو کلین سوئپ کرنا ہوگا۔دونوں ٹیمیں 15 جنوری کو 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز پرمشتمل سیریز کے پہلے میچ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی اور دلچسپ بات یہ ہے کہ جو بھی ٹیم سیریز کے تینوں میچز جیت کر کلین سویپ کرے گی وہ ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آجائے گی۔

اس وقت پاکستان اور نیوزی لینڈ بالترتیب عالمی رینکنگ میں چھٹے اور ساتویں نمبر پر ہیں جب کہ سیریز کے تینوں میچز ہارنے والی ٹیم آٹھویں نمبر پر چلی جائے گی۔

(جاری ہے)

بات یہیں ختم نہیں ہوگی بلکہ نیوزی لینڈ اور پاکستان میں سے کسی نے بھی اگر سیریز دو ایک سے جیتی تو وہ ٹیم ایک درجہ ترقی پا کر پانچویں نمبر پر آجائے گی۔نیوزی لینڈ نے گزشتہ دنوں سری لنکا کو دو صفر سے شکست دی تھی اوراس شکست کے نتیجے میں سری لنکا کی ٹیم عالمی نمبرایک کی پوزیشن سے محروم ہوچکی ہے اوراب ویسٹ انڈیز کی ٹیم عالمی رینکنگ میں سرفہرست ہے تاہم ویسٹ انڈیز،آسٹریلیا اور سری لنکا 118 پوائنٹس کے ساتھ برابر ہیں جبکہ افغانستان کی ٹیم زمبابوے کے خلاف دو صفر سے سیریز جیت کر ٹی ٹوئنٹی کی عالمی رینکنگ میں نویں نمبر پر پہنچ گئی ہے اوراسی طرح افغانستان کی ٹیم زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریزجیت کر عالمی ون ڈے رینکنگ میں بھی دسویں نمبر پر آگئی ہے۔