پیف نے ایجوکیشن ووچر سکیم میں توسیع کا 15 واں مرحلہ لانچ کر دیا

منگل 12 جنوری 2016 14:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔12 جنوری۔2016ء) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے مفت تعلیم کے منصوبے ایجوکیشن ووچر سکیم میں توسیع کا 15 واں مرحلہ با ضابطہ طور پر لانچ کر دیا ہے،اس مرحلے میں 16 منتخب اضلاع میں سوا لاکھ ضرورت مند بچوں کی مفت تعلیم کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے،اس مقصد کے لئے ان اضلاع میں 470 نجی سکولوں کے ساتھ تعلیمی اشتراک کیا جائے گا۔

یہ بات چےئر مین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن انجینئر قمرالاسلام راجہ نے چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں نئے سکول پارٹنرز کے ساتھ معاہدہ شراکت پر دستخط کی تقریب سے خطاب میں کہی۔تقریب میں فیصل آباد ،قصور ، اوکاڑہ اور شیخوپورہ کے سکول مالکان نے شرکت کی۔چےئرمین پیف نے کہا کہ ایجوکیشن ووچر سکیم مفت تعلیم کا منفرد منصوبہ ہے جس کے تحت ضرورت مند طالب علم پسند کے پارٹنر سکول میں تعلیم حاصل کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان طالب علموں کی ماہانہ فیس اور نصابی کتب پیف مہیا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن ووچر سکیم 36اضلاع میں کامیابی سے ضرورت مند گھرانوں کی تعلیمی ضروریات پوری کر رہی ہے۔ اس پروگرام میں توسیع سے پسماندہ اور دور دراز علاقوں کی بڑھتی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی۔اس طرح تعلیمی تفاوت کا خاتمہ ہو گااور حصول تعلیم تک یکساں رسائی سے ہر بچہ پڑھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پارٹنر سکولوں میں مفت تعلیم کے ساتھ ساتھ طالب علموں کی شخصیت کی متوازن تعمیر کے لئے خوشگوا ر ماحول کی فراہمی پر بھی خصوصی توجہ دی ہے۔چےئرمین پیف نے مزید کہا کہ تعلیم روشنی ہے اور جہالت اندھیرا، ہم نے وسائل سے محروم بچوں کو تعلیم سے لیس کر کے انہیں اعتماد اور وقار کے ساتھ زندگی گزارنے کا حوصلہ دیا ہے۔

اس تعلیمی جدوجہد کا مقصد 2018 تک سو فیصد شرح داخلہ کا حصول ہے۔دریں اثناء بہاولپور ، رحیم یار خان اور ملتان کے اضلاع سے منتخب ہونیوالے سکول مالکان سے معاہدہ شراکت پر دستخط کی تقریب ریجنل آفس ملتان میں منعقد ہوئی۔آج 13 جنوری کو ڈیرہ غازیخان ، وہاڑی، بہاول نگر،جھنگ اور خوشاب کے سکول مالکان کے ساتھ معاہدہ شراکت پر دستخط کیے جائیں گے۔