پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرنا زیا دتی ہے،محمد جمیل ملک

منگل 12 جنوری 2016 16:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدرمحمد جمیل ملک نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں جنوبی پنجاب کو نظر انداز کرنا وہاں کے پسماندہ عوام سے سخت زیادتی ہے ،تخت لاہور نہ جانے اس اچھے منصوبے کو کیوں متنازعہ بنانے پر تلا ہوا ہے،آج یہاں ایک بیان میں انہوں نے کہاجنوبی پنجاب سے منتخب ہونیوالے حکومتی اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کی میانوالی،راجن پور،لیہ،بھکراورڈیرہ غازیخان سمیت دیگر اضلاع کو نظر انداز کئے جانے پر خاموشی قابل مذمت ہے ،جنوبی پنجاب کے پسماندہ عوام ان اراکین اسمبلی کا گھیراوٴ کرکے انہیں انکی آئینی اور جمہوری ذمہ داریاں یاد دلائیں، انہوں نے کہا پاک چائنااکنامک کاریڈور ملکی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس سے پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گے اور بے روزگاری میں بھی کمی واقع ہوگی،اس میگا پراجیکٹ میں جنوبی پنجاب کو بھی ضروری حصہ ملنا چاہیئے تاکہ وہاں کے عوام کی پسماندگی دور کرنے میں مدد مل سکے،وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے حکمران اپنی ضد اور ہٹ دھرمی ترک کرکے چاروں صوبوں کو اعتماد میں لیں اور صرف وسطی پنجاب کو ہی پاکستان سمجھنے کی بجائے چاروں صوبوں کے مفاد کو مدنظر رکھا جائے۔

متعلقہ عنوان :