پنجاب سکلز ڈویلپمٹ فنڈ کے زیر اہتمام فنی تربیت کرنے والے گرایجویٹس میں ایمپلائمنٹ ویزہ تقسیم

جنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھر کے 73نوجوانوں کو ملازمت کے لیے ابوظہبی بھجوایا جارہاہے،راجہ اشفاق سرور

منگل 12 جنوری 2016 16:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔12 جنوری۔2016ء) صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل راجہ اشفاق سرورنے کہا ہے کہ موجودہ حکومت جنوبی پنجاب سمیت صوبہ بھر کے بے روزگار نوجوانوں کو جدید فنی تربیت فراہم کر کے انہیں اندرون و بیرون ملک ملازمت کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ (PSDF)کے مالی تعاون سے 73نوجوانوں کو نجی تربیت فراہم کرنے والے ادارے سے ٹریننگ کی تکمیل کے بعدملازمت کے لیے ابوظہبی بھجوایا جارہاہے۔

انہوں نے یہ بات گزشتہ روز پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر اہتمام تربیت مکمل کرنے والے گرایجویٹس میں ایمپلائمنٹ ویزہ تقسیم کرنے کی تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سیکرٹری لیبر علی سرفراز ، ممبر سکلز ڈویلپمنٹ بورڈ و ایم پی اے سائرہ افتخار ، چیف آپریٹنگ آفیسرپی ایس ڈی ایف علی اکبر بوسن ، سی ای او میل سول ٹیکنیکل ٹریننگ سروسز عبدالخالق کے علاوہ مختلف صنعتی اداروں کے مالکان ، مزدور تنظیموں کے نمائندوں ، تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں اور والدین نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

راجہ اشفاق سرور و دیگر شرکاء نے گرایجویٹس میں ایمپلائمنٹ ویزہ بھی تقسیم کئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر محنت نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے ویژن کے مطابق پنجاب گروتھ سٹریجی 2018ء کے تحت 20لاکھ نوجوانوں کو جدید دور اورملکی و غیر ملکی صنعتوں کی ڈیمانڈ کے مطابق فنی تربیت کے لیے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈودیگر ادارے نجی شعبے کے تعاون سے بھرپور اقدامات کررہے ہیں تاکہ بے روزگاری وغربت کا خاتمہ اور زر مبادلہ میں اضافہ ممکن ہوسکے۔

انہوں نے کہا کہ قطر میں ہونے والے فیفاورلڈ کپ 2022ء اور دبئی ایکسپو 2020ء کے لیے خلیجی ممالک کو ہنر مند افرادی قوت کی ایکسپورٹ کے لیے پنجاب بھر کے نوجوانوں کو جدید تربیت دی جارہی ہے۔ چیف آپریٹنگ آفیسرپنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ علی اکبر بوسن نے کہا کہ ادارے نے یوکے ایڈ اور ورلڈ بنک کے مالی تعاون سے اب تک ایک لاکھ11ہزار سے زائد نوجوانوں کو جدید فنی تربیت فراہم کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے زیر اہتمام تربیتی پروگرامزکا دائرہ کار اب پورے پنجاب تک بڑھایا جاچکاہے اور اس وقت 150نجی و سرکاری تربیتی اداروں میں25ہزار سے زائد طلباء و طالبات جدید فنون کی تربیت کررہے ہیں جبکہ ہر سال 65ہزار افراد کو تربیت فراہم کا ہدف مقرر کیا گیاہے نیز 170سے زائد صنعتی ادارے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے ساتھ رجسٹرڈ ہیں جن کے ساتھ تربیتی یافتہ گرایجویٹس کا ڈیٹا شیر کر کے ان کی اندرون و بیرون ملک ملازمت یقینی بنائی جارہی ہے۔

سیکرٹری لیبر علی سرفراز نے کہا کہ حکومت پنجاب تربیت حاصل کرنے والے گرائجویٹس کی بین الاقوامی اداروں سے سرٹیفکیشن اورخلیجی ممالک میں لیبر ایکسپورٹ کے لیے موثر لائحہ عمل پر عملدرآمد کررہی ہے۔انہوں نے نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے والے نجی تربیتی اداروں کے کردار کو سراہا اور کہا کہ حکومت پنجاب بے روزگار کے خاتمے کے لیے ان اداروں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرتی رہے گی۔

متعلقہ عنوان :